Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Awwal 1446  

کرپشن الزامات : بھارت میں 75 سالہ سینئر سیاستدان لالو پرساد سے 10 گھنٹے تک تحقیقات

مرکزی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے سامنے لالو پرساد کے ساتھ ان کی بیٹی بھی پیش ہوئیں
شائع 29 جنوری 2024 10:39pm
تصویر بشکریہ انڈیا ٹو ڈے
تصویر بشکریہ انڈیا ٹو ڈے

بھارت میں 75 سالہ سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد سے کرپشن الزامات پر مرکزی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 10 گھنٹے تک تحقیقات کیں۔ والد کے ساتھ ان کی بیٹی بھی پیش ہوئیں۔

راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے پیر کے روز ایجنسی کے پٹنہ دفتر میں پوچھ گچھ کی۔

بہار کے سابق وزیر اعلیٰ صبح تقریبا 11 بجے مرکزی ایجنسی کے دفتر پہنچے اور تقریبا 10 گھنٹوں کے بعد تحقیقات ختم ہوئیں۔

لالو پرساد اور ان کی بیٹی میسا بھارتی، ایجنسی کے دفتر گئے اور راشٹریہ جنتا دل کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی مرکزی ایجنسی کے دفتر کے باہر جمع ہوگئی۔

پارٹی کارکنوں نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے باہر احتجاج کیا اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

یاد رہے کہ لالو پرساد سے کرپشن کے معاملے کی تحقیقات کیلئے دہلی سے ای ڈی عہدیداروں کی ایک ٹیم اتوار کی شام پٹنہ پہنچی تھی۔

مرکزی جانچ ایجنسی نے لالو یادو اور ان کے بیٹے تیجسوی یادو کو 19 جنوری کو ایک نیا سمن جاری کیا تھا اور ای ڈی نے پٹنہ میں لالو یادو کی بیوی اور بہار کی سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پر نوٹس دیا تھا۔ سمن میں آر جے ڈی کے دونوں رہنماؤں کو 29 اور 30 جنوری کو اس کے سامنے پیش ہونے کے لئے کہا گیا تھا۔

آر جے ڈی قیادت نے ای ڈی کے اقدام پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مرکزی حکومت پارٹی کے خلاف ایجنسیوں کا استعمال کررہی ہے۔

سمن جاری ہونے پر لالو پرساد کی بیٹی میسا بھارتی نے کہا تھا ، ’یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ یہ گریٹنگ کارڈ ان لوگوں کو بھیجا جا رہا ہے جو ان کے ساتھ نہیں آ رہے ہیں۔ جب بھی کوئی ایجنسی ہماری فیملی کو فون کرتی ہے، ہم وہاں جاتے ہیں اور ان کے ساتھ تعاون کرتے ہیں اور ان کے سوالوں کا جواب دیتے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا تھا کہ انتخابات قریب ہیں، اس لیے وزیر اعظم نریندر مودی ڈرے ہوئے ہیں اور صرف یہی کام کریں گے۔ یہ حکومت میرے والد کو بھی گرفتار کر سکتی ہے، لیکن ایک بیمار شخص کو گرفتار کرکے انہیں کیا ملے گا۔

انہوں نے کہا تھا ’یہ ای ڈی کا سمن نہیں ہے، بلکہ بی جے پی کا سمن ہے۔ یہ سلسلہ 2024 تک جاری رہے گا۔ اس وقت تک براہ مہربانی اسے ای ڈی کا سمن نہ کہیں۔

دوسری طرف بہار کے نائب وزیر اعلی کے طور پر اتوار کو حلف لینے والے سمراٹ چوھدری نے آر جے ڈی کا مقابلہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ سابق وزیر اعلی لالو پرساد بدعنوانی میں ملوث ہیں۔

انھوں نے کہا تھا کہ ملک کے لوگ جانتے ہیں کہ یہ (لالو یادو) بدعنوان لوگ ہیں۔ کرپشن ان کے لئے ایک زیور ہے، میں لالو پرساد کے بیٹے تیجسوی یادو سے پوچھنا چاہتا ا ہوں کہ وہ بہار کے نوجوانوں کو بتائیں کہ ڈیڑھ سال کے اندر کروڑ پتی کیسے بنا جاتا ہے۔

india

LALU PRASAD YADAV

NARNEDRA MODI