کوہاٹ میں 45 جوڑوں کی اجتماعی شادی
کوہاٹ میں نجی ٹرسٹ کے زیر اہتمام 45 نوجوان جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیا گیا۔ ہر جوڑے کو زندگی گزارنے کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا جہیز بھی دیا گیا۔
کوہاٹ کے علاقہ بنگش میں نجی ٹرسٹ کے زیر اہتمام 45 نوجوان جوڑوں کی اجتماعی شادی کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں نوبیاہتا جوڑوں کے والدین، رشتہ دار اور علماء کرام نے شرکت کی۔ اور اس اجتماعی شادی کو خوش آئند قرار دیا۔
علامہ قیصر عباس نے کہا کہ اجتماعی شادی کا رجحان بہت اچھا ہے اس سے غریبوں کو سپورٹ مل جاتی ہے اور ان کے بیٹوں اور بیٹیوں کی شادی مناسب وقت پر ہوجاتی ہے۔
رشتہ ازدواج میں بندھنے والے نوجوانوں کا کہنا تھا کہ کوہاٹ کے علاقہ بنگش میں غریب اور ضرورت مند نوجوانوں کے لیے اجتماعی شادی کا اہتمام ان کی زندگی کا سب سے بڑا تحفہ ہے۔
ایک دولہا نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں معاشرے میں اجتماعی شادی کے کلچر کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
شادی بیاہ کے رسم و رواج اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اس دور میں اجتماعی شادیوں کا اہتمام جہاں غریب کے لئے مدد کی ایک شکل ہے وہاں معاشرے میں انسان دوستی کی بھی ایک خوبصورت مثال ہے۔
Comments are closed on this story.