Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بی پی ایل میں نازیبا الفاظ کا الزام، بابر اعظم بھڑک گئے

وائرل ویڈیو میں انہیں مخالف ٹیم کے وکٹ کیپر پر برہم ہوتے دیکھا جاسکتا ہے
شائع 29 جنوری 2024 10:27am

بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے دوران سابق کپتان بابراعظم کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ مخالف ٹیم کے وکٹ کیپر پر برہمی کا اظہار کررہے ہیں۔

بی پی ایل میں بابر اعظم رنگپور رائیڈرز کا حصہ ہیں جن کی دردنتو ڈھاکا کے ساتھ میچ کے دوران مخالف ٹیم کے وکٹ کیپرعرفان سکر کے ساتھ توتو میں میں ہوگئی۔

اس دوران امپائر اور دردنتو ڈھاکا کے کپتان نے دونوں کرکٹرز کے درمیان مصالحت کروانے کی کوشش بھی کی۔

ایکس پر وائرل ویڈیو میں سابق کپتان کو ’آئی ایم ناٹ ٹاکنگ ٹو یو‘ (میں آپ سے بات نہیں کررہا ) کہتے ہوئے سناجاسکتا ہے۔

عرفان سکر نے الزام عائد کیا تھا کہ بابراعظم انہیں نازیبا الفاظ کہ رہے ہیں جس پر بابراعظم نے مشتعل ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے آپ سے بات کررہے تھے، اُن سے نہیں۔

بعد ازاں امپائرز اور درنتو ڈھاکا کے کپتان کی مداخلت سے دونوں کھلاڑی قابو میں آئے۔

اس دوران بابر اعظم کو اپنے ساتھی کھلاڑی محمد نبی سے اس واقعہ سے متعلق بات کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

کپتانی سے سبکدوش ہونے والے بابراعظم کی پرفارمنس کو ان دنوں ناقدین کڑے طریقے سے پرکھ رہے ہیں اورکہا جارہاہے کہ وہ اپنی کھوئی ہوئی فارم ٹی20 ورلڈ کپ سے قبل حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں۔

دردنتو ڈھاکا کے ساتھ میچ میں بھی بابر اعظم پاور پلے فیلڈ کا بھرپور فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے، اور اسی وجہ سے ان میں مایوسی اور غصے کا عنصر نمایاں تھا۔

babar azam

bangladesh premier league

bpl