Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
24 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور برفباری، سیاحوں کیلئے ہدایات جاری

غذر میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری نے علاقے کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دئیے۔
اپ ڈیٹ 29 جنوری 2024 07:28pm
Azad Kashmir received light rains after a long dry spell - Aaj News

ملک کے بالائی علاقوں لوئر دیر، غذر اور جنوبی وزیرستان میں برفباری سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا، جبکہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں رات گئے تیز ہواؤں کے ساتھ ہوئی بارش نے سردی کا مزہ دوبالا کردیا، ہے لیکن محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو خبردار بھی کیا ہے۔

خیبرپختونخوا اور کشمیر کے بعض اضلاع میں بھی بارش ہوئی۔

آزاد کشمیر میں طویل خشک سالی کے بعد ہلکی بارش ہوگئی۔ کوٹلی آزاد کشمیر، راولاکوٹ، پلندری آزاد کشمیر اور گردونواح میں رات گئے ہلکی بارش سے موسم سرد ہوگیا۔

وادی لیپہ اور بالائی نیلم میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گرگیا۔

محکمہ موسمیات نے اگلے چند دنوں تک برفباری کی پیشگوئی کی ہے، ساتھ ہی سیاحتی مقامات کا رخ کرنے والے سیاحوں کیلئے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ برف باری میں پہاڑی علاقوں کی جانب سفر سے گریز کریں۔

آزاد کشمیر میں بارش, لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری سے متعدد سڑکیں بند ہوچکی ہیں۔

پیر چناسی پیر، ہسی مار، مکڑا پہاڑ برف سے ڈھک گئے ہیں جبکہ گڑھی دوپٹہ، چناری چکوٹھی اور ہٹیاں بالامیں بارش جاری ہے۔

لمنیاں، ریشیان، چکار، سدھن گلی، گنگا چوٹی، لسڈنہ محمود گلی میں بھی برفباری جاری ہے۔

لمنیاں ریشیاں شاہراہ برفباری اور پھسلن کے باعث بند ہے۔

وادی لیپہ، برتھواڑ گلی اور پنچال گلی برفباری کے بعد ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے بند ہے۔ وادی نیلم بالائی علاقوں سے گریز کو ملانے والی شاہراہ نیلم کیل تک ہرقسم کی ٹریفک کے کھلی ہے۔

وادی نیلم گریز ویلی کے لئے کیل سے داؤبٹ تک شاہراہ چھوٹی گاڑیوں کے لئے کھلی ہے۔ شونٹھر ویلی سرگن ویلی کی سڑکیں متعدد مقامات سے ہر قسم کی آمد و رفت کے لئے بند ہیں۔

مانسہرہ مظفرآباد شاہراہ، کوہالہ پنڈی جہلم ویلی روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھلی ہے۔

ادھر اپر چترال کے مختلف علاقوں میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے، وادی استور، ہرچین اور دیگر علاقوں میں برفباری سے ہرطرف سفیدی چھا گئی اور سردی میں بھی اضافہ ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لواری ٹنل کے دونوں سائیڈ ایک فٹ برف پڑچکی ہے، گاڑی کی ٹائروں میں سنو چین لگا کر سفر کرسکتے ہیں، تاہم، مسافرغیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

پولیس نے ہدایت کی ہے کہ مسافر گاڑی میں فیول اور خورانی اشیاء رکھیں اور اختیاطی تدابیر اختیار کریں۔

آزاد کشمیر میں دو روز سے جاری بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث سردی کی شدت بڑھ گئی، جہاں مستحق دو سو خاندانوں میں گرم ملبوسات اور بستر تقسیم کیے گئے۔

غذر میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری نے علاقے کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دئیے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی گلگت بلتستان، کے پی اور کشمیر میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ پنجاب اور بالائی سندھ میں ہلکی اور درمیانی دھند چھائی رہے گی۔

azad kashmir

گلگت بلتستان

Rain

Chitral

snowfall

KPK Weather