Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ن لیگ کا سیالکوٹ میں پاور شو: ’آٹھ فروری کو سیاسی مخالفین کا جلوس نکل جائے گا‘

عوام کا سمندرآٹھ فروری کو ییلو کارڈ دکھا کر ان کو میدان سے باہر کردے گا، شہباز شریف
اپ ڈیٹ 28 جنوری 2024 08:12pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آج سیالکوٹ میں طاقت کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے پارٹی کے مرکزی رہنما خواجہ آصف کی میزبانی میں ہونے والے بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔ جب کہ مریم نواز نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا مقدر پیٹرول بم نہیں، آئی ٹی اسٹارٹ اپس ہیں۔

قائدین کے بیٹھنے کیلئے 80 فٹ لمبا اور 20 فٹ اونچا سٹیج تیار کیا گیا ہے، جلسہ گاہ کے اندر اور اطراف میں میاں نوازشریف، شہباز شریف، مریم نواز، خواجہ آصف کی تصاویر والی فلیکسز اور بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

نواز شریف کی آمد پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار، ایلیٹ فورس کے جوان اور افسران ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔

’سیالکوٹ باوفا لوگوں کا شہر‘

ن لیگ کے قائد نواز شریف نےب جلسے سے خطاب میں کہا کہ سیالکوٹ والوں! آپ نے دل خوش کردیا ہے، سیالکوٹ باوفا لوگوں کا شہر ہے، سیالکوٹ کا نام پورے برصغیر میں گونجتا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ خواجہ آصف سے گزشتہ 55 سال کا تعلق ہے، خواجہ آصف میرے ساتھ گورنمنٹ کالج لاہور میں تھے،انہوں نے میرے ساتھ گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کیا، یہ بہترین سیاستدان ہی نہیں بہترین انسان بھی ہیں۔

نواز شریف نے کہا کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے ہم نے بنائی لیکن افتتاح کا موقع نہیں ملا، لاہور سے سیالکوٹ تک ٹرین سروس شروع کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کون کہتا ہے کہ یوتھ ن لیگ کے ساتھ نہیں ہے، سارا جلسہ ہی 30 سال سے کم عمر افراد کا ہے، 2017 کا پاکستان جو میں چھوڑ کر گیا تھا وہ نظر نہیں آتا، ہم بہت پیچھے چلے گئے ہیں، آج ہر نواجون کے پاس روزگار ہونا چاہئے، ہماری حکومت نہ ختم کی جاتی توآج سب کے پاس روزگار ہوتا۔

نواز شریف نے کہا کہ بجلی، گیس، پیٹرول سب آپ کے بس سے باہر ہوگیا ہے، ان سے پوچھو جنہوں نے ملک کے ساتھ اتنا بڑاظلم کیا ہے، میرے ساتھ جو ظلم ہوا اس کو برداشت کرسکتا ہوں، آپ کے ساتھ جوظلم ہوا اس کوبرداشت نہیں کرسکتا۔

آپ کا مقدر پیٹرول بم نہیں، مریم نواز

مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیالکوٹ وفا داروں کا شہر ہے، سیالکوٹ واحد شہرہے یہاں نوازشریف دوسری بار آئے ہیں۔ نوازشریف نے کہا موٹر وے کا معیار ٹھیک نہیں تھا دوبارہ بناؤں گا۔

انھوں نے کہا کہ نوازشریف نے اگر وعدہ کیا ہے تو وعدہ نبھائےگا، آپ کا مقدر پیٹرول بم نہیں، آئی ٹی اسٹارٹ اپس ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالنا کیوں کہ تقدیر کا فیصلہ ہے، 8 فروری کو کوئی ن لیگ کا ووٹراور سپورٹر گھر نہ بیٹھے، ووٹ کی پرچی صرف پرچی نہیں ہوتی آپ کا مستقبل ہوتا ہے۔

آٹھ فروری کو سیاسی مخالفین کا جلوس نکل جائے گا، شہباز شریف

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ سیالکوٹ کے لوگوں کا جذبہ دیدنی ہے، آج سیالکوٹ والوں نے نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے دیا، عوام کا سمندر بتا رہا ہے کہ آٹھ فروری کو شیر آرہا ہے، نواز شریف آٹھ فروری کو چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے، آٹھ فروری کو سیاسی مخالفین کا جلوس نکل جائےگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ایک سیاسی مہربان جلسوں میں مزدور اور کسان کارڈ نکال کر دکھاتے ہیں، غور سے دیکھیں تو لگتا ہے یہ کوئی فٹ بال میچ کے ریفری ہیں، عوام کا سمندرآٹھ فروری کو ییلو کارڈ دکھا کر ان کو میدان سے باہر کردے گا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ ترقی اور خوشحالی کا سفردوبارہ شروع کرے گی، نواز شریف پہلی بار وزیراعظم بنا تو معیشت ترقی کرنے لگی، بھارت کے 5 ایٹمی دھماکوں کے جواب میں نواز شریف نے 6 دھماکے کئے، امریکی صدرنے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے بدلے 5 ارب ڈالر کی آفر کی تھی، نواز شریف نے 5 ارب ڈالر کی آفر ٹھکرا دی تھی۔

کیپٹن صفدر (ر) کا پشاور میں جلسے سے خطاب

پشاور سے ن لیگ کے نامزد امیدوار پی کے 78، قاری ظاہر خان خلیل کے انتخابی جلسے سے خطاب میں مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو اس صوبے میں دو بار اقتدار ملنے کے باوجود صوبے نے ترقی نہیں کی۔

انھوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا اس بار این اے 15 سے وزیراعظم چنے گا۔ ہم اقتدار میں آگئے تو پشاور سے پاراچنار اور تاجکستان تک موٹروے بنائینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں الیکشن نہیں لڑوں گا بلکہ اپنے صوبے کی خدمت کرونگا۔ 2013 میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کرنے والے کو چند سازشیوں نے وزیر اعظم کے عہدے سے فارغ کیا۔

کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ملک توڑنے کے ایجنڈے پر ہے، ہٹلر نے کہا تھا کہ کسی قوم کو تباہ کرنا ہوتو نوجوانوں کو گمراہ کردو۔ بانی پی ٹی آئی نے ہمارے اخلاق اور اقدار کو شدید نقصان پہنچایا۔

انھوں نے کہا کہ قومی اداروں اور جی ایچ کیو پر حملہ کرنے والے کیسے وفادار ہیں، اپنی نئی نسل کو بچانے کے لیے نوجوانوں کو پڑھانا ہوگا۔ ریاست مدینہ ، نعرہ لگانے سے نہیں بنتی۔ ریاست مدینہ والے کے اپنے بچوں کو چھ کلمے نہیں آتے۔ دفاع پاکستان کو مضبوط کرنے والوں ووٹ دیں۔

pmln jalsa

Election 2024

Election Jan 28 2024