Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سینیئر صحافی نادر شاہ عادل طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

میڈیا کی دنیا میں شاہ جی کہلاتے تھے، متعدد اداروں میں شاندار خدمات انجام دیں، پہلی بلوچ فلم میں بھی کام کیا
شائع 27 جنوری 2024 07:26pm

معروف صحافی اور کراچی پریس کلب کے سینیر رکن نادر شاہ عادل عرف شاہ جی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ شاہ جی ایک مدت سے صاحبِ فراش تھے۔

نادر شاہ نے صحافت کے مختلف شعبوں میں شاندار خدمات انجام دیں۔ وہ ایک منجھے ہوئے تجزیہ کار تھے۔ ان کے قلم میں غیر معمولی کاٹ تھی۔ متعدد اخبارات کے میگزین اور اسپورٹس سیکشنز میں خدمات انجام دینے کے علاوہ وہ لندن سے شائع کیے جانے والے اخبار آواز انٹرنیشنل سے بھی وابستہ رہے۔

نادر شاہ عادل طویل مدت تک کراچی کے روزنامہ ایکسپریس کے ایڈیٹوریل سیکشن کے انچارج رہے۔

نادر شاہ عادل نے ٹی وی کے سینیر اداکار انور اقبال (نانا کی جان قمرو فیم) کے ساتھ پہلی بلوچ فلم میں بھی کام کیا تھا۔

نادر شاہ عادل شوبز میں غیر معمولی شغف رکھتے تھے ایک بار ہالی وڈ کے عظیم اداکار چارلٹن ہیسٹن کراچی آئے تو نادر شاہ عادل نے ان سے ملاقات کی تھی۔

لیاری میں رہائش رکھنے کی صورت فٹبال سے شغف نہ ہو تو تو ممکن ہی نہ تھا۔ نادر شاہ عادل نے ارجنٹائن کے عظیم فٹبالر ڈئیگو میراڈونا پر بھی ایک کتاب لکھی تھی۔

نادر شاہ عادل نے ایک مدت تک نئی نسل کو صحافت کی تربیت دی۔ ان کے تربیت کردہ بہت سے صحافی آج بھی اپنے اپنے شعبے میں شاندار خدمات انجام دے رہے ہیں۔