Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

دپیکا کی پسندیدہ ترین ’ایما داچی‘ میں ایسا کیا ہے؟

اس بدیسی ڈش کو انسٹا اور ٹک ٹاک پرشرف قبولیت بخشے جانے کا سب سے بڑا سبب بالی ووڈ اداکارہ ہیں۔
اپ ڈیٹ 27 جنوری 2024 02:22pm
تصویر: فائل فوٹو
تصویر: فائل فوٹو

سوشل میڈیا انفلوئنسرز کی صلاحیتوں پر ہمیں کوئی شک و شُبہ نہیں لیکن اس وقت تھوڑی سی جھنجھلاہٹ ضرور ہوتی ہے جب سبھی ’ٹرک کی بتی کے پیچھے‘ لگ جاتے ہیں۔ تازہ ترین جنون Ema Datshi کا ہے، یہ کوئی ’موصوفہ‘ نہیں بلکہ ایک بدیسی ڈش ہے جسے انسٹا اور ٹک ٹاک پر شرف قبولیت بخشے جانے کا سب سے بڑا سبب دپیکا پڈوکون ہیں۔

اداکارہ نے چند روز قبل انکشاف کیا کہ ایما داچی ان کی پسندیدہ ترین غذا ہے۔ بس پھر کیا تھا، ’موئے موئے‘ اور ’چُنی میری رنگ دے‘ کے متوالوں کو ٹریک بدل کر چولہے جلانے پڑے۔

نہ جاننے والوں کو بتاتے چلیں کہ ’ایما داچی ( Ema Datshi )‘ بھوٹان کی قومی ڈش ہے جسے وہاں کے سب سے زیادہ مشہور پکوانوں میں سے ایک مانا جاتا ہے۔

دپیکا پڈوکون کھانے پینے کی شوقین ہیں اور حال ہی میں ایک انٹرویو میں انہوں نے اپنی پسندیدگی بتائی تھی۔

اداکارہ نے گزشتہ سال اپریل میں بھوٹان کا دورہ کیا تھا اورسوشل میڈیا پردیگر تصاویر کے علاوہ، اپنےفالوورز کو ان کھانوں کی جھلک بھی دکھلائی تھی جن سے وہ وہاں لطف اندوز ہوئیں۔ انہی دنوں کھائی جانے والی ایما داچی اب دپیکا کی فیورٹ ہے۔

’ایما‘ کا مطلب مرچ ہے اور ’داچی‘ کا مطلب زونگکھا زبان میں ’پنیر‘ ہے۔ یہ ڈش بنانے کے لیے مرچوں کی مختلف اقسام استعمال کی جاسکتی ہیں، اسی لیے بہت سی تصاویرمیں یہ ڈش خاصی رنگین مزاج بھی دکھائی دیتی ہے۔

ایما داچی میں استعمال ہونے والے پنیرکو داچی کہا جاتا ہے۔ یہ عام طور پر گائے یا یاک کے دودھ سے جمائے جانے والے دہی سے گھر پر بنایا جاتا ہے۔ اس عمل میں مکھن بنانے کے لیے دہی سے چربی نکال دی جاتی ہے اور بغیر چربی کے بقیہ دہی پنیر بنانے کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔ پنیر بننے کے بعد بچنے والی چھاچھ کو سوپ کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے جسے چاول کے ساتھ کھایا جاسکتا ہے۔

تاہم انسٹاگرام پر وائرل اس ٹرینڈ میں ’گائے یا یاک کے دودھ کی دہی نہ جما سکنے والے ’ سوشل میڈیا انفلوئنسرز اپنے طریقے سے یہ ڈش بنارہے ہیں ۔ اس لیے تراکیب میں تھوڑا بہت ردوبدل نظر آتا ہے۔

اس میں پیاز اور ٹماٹر ڈلتا دیکھ کر بھوٹان والے تڑپ ہی اٹھے ہیں ، تبصروں میں کئی ایک نے بنانے والوں کو لتاڑا بھی اس لیے گریز ہی کریں تو بہتر ہیں۔

یہ والا لنک قدرے معقول طریقے سے بنائی گئی ایما داچی کا ہے۔

باآسانی کچھ ہی دیر میں تیار ہوجانے والی اس ڈش کو ہم نے بھی آزما کردیکھا تو دپیکا کی ’حس ذائقہ‘ کو سراہنا پڑا کیونکہ یہ ڈش نہ صرف ظاہری طور پر ’ سو بیوٹی فُل اور لُکنگ لائک آ واؤ’ ہے بلکہ کھانے میں بھی کیا ہی کہنے۔

(اتفاق نہ کرنے والے یقینی طور پر وہی ہوں گے جنہیں پنیرنہیں پسند ورنہ Cheese lovers کے لیے یہ واقعی ریسٹورنٹ اسٹائل ڈش ہے جو بغیر ہینگ پھٹکری کے ان کے اُبلے چاولوں کا رنگ اور مزہ دونوں ’چوکھا‘ کرسکتی ہے۔)

ہماری دیسی ایما داچی

خالص پاکستانی اسٹائل سے ایما داچی بنانے کے لیے آپ6 یا 7 ہری مرچوں کو لمبائی میں کاٹ لیں، ایک مرچ کے 4 ٹکڑے بہترین رہیں گے، ساتھ ہی لہسن کے 10 سے 12 جوئے چھیل لیں اور ایک فرائی پین میں تقریباً 3 کھانے کے چمچ کوکنگ آئل ڈال کر تھوڑا فرائی کرلیں پھر تھوڑا سا نمک ڈال کر ایک کپ پانی شامل کریں اور کچھ دیر کے لیے ہلکی آنچ پر ڈھک کر پکائیں۔

اب اس میں 3 سے 4 سلائس پنیر کے ڈال دیں اور چمچہ چلاتے ہوئے ان کے پگھلنے کا انتطار کریں (مفت مشورہ: اس دوران آپ گائیکی کا شوق پورا کرسکتے ہیں)۔ پنیر سلائسز پگھلنے کے بعد مطلوبہ ’گاڑھے پن‘ تک فرائی پین کو آنچ پر رکھینں اور اُتار لیں۔ زیادہ اسپائسی کھانے والے سلائسز کے ساتھ تھوڑی سی لال کُٹی مرچ بھی شامل کرسکتے ہیں۔

تصویر: سوشل میڈیا

اب پلیٹر میں اُبلے چاول رکھیں، سائیڈ پر ایما داچی ڈالیں اور مسنون طریقے (ہاتھوں کا استعمال کرتے ہوئے) سے تناول فرمائیں۔

خصوصی نوٹ: اب یہ دپیکا کی ’ایما داچی‘ جیسی ہو نہ ہو، اگرآپ کو بھا گئی ہے تو سمجھیں محنت وصول ہوگئی اور مزہ نہیں آیا تو کوئی بات نہیں ، آئندہ مت بنائیے گا۔

Deepika Padukone

Bhutan

EMA DATSHI

DEEPIKA'S FAVOURITE FOOD