پنجاب اور خیبرپختونخوا میں آج سے بارش اور برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان
محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں آج سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں آج سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہری علاقوں میں دھند میں کمی کا امکان ہے جبکہ بالائی اضلاع میں آج سے برفباری کا سلسلہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش اور برفباری کا سلسلہ 31 جنوری تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے
پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارش اور برفباری کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
سردی کی لہر برقرار
دوسری جانب ملک بھر میں سردی کی لہر برقرار ہے، طویل خشک موسم کے بعد آج سے مغربی علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے اضلاع میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ مری، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں بھی بارش ہوگی۔
بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی انتظامیہ کو بارشوں اور برفباری سے متعلق الرٹ جاری کردیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 31 جنوری تک پنجاب کے میدانی علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے، مری اور گلیات میں 27 سے 31 جنوری ہلکی اور تیز بارش کے ساتھ برف باری کا امکان ہے۔
ترجمان کے مطابق راولپنڈی ، گجرانوالا ، لاہور اور سرگودھا میں 30 اور31 جنوری کو بارش ہوگی۔
پی ڈی ایم اے نے پنجاب بھر میں انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں، اور کہا ہے کہ صوبائی اور قومی اداروں کے درمیان چوبیس گھنٹے معلومات کے تبادلے کا نظام موجود ہے۔
دھند کے باعث موٹرویز بند
پنجاب اور خیبرپختونخوا میں دھند کا راج بھی برقرار ہے، جس کے باعث مختلف مقامات سے موٹروے کو بند کردیا گیا ہے۔
موٹروے ایم تھری فیض پور سے جڑانوالا، ایم فور شیرشاہ سے شام کوٹ، ایم فائیو شیر شاہ سے اوچ شریف تک دھند کی وجہ سے بند ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
Comments are closed on this story.