Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

غذراور مری میں موسم سرما کی پہلی برفباری، ملک کے دیگر علاقوں میں بارش کی پیشگوئی

بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں ہفتہ سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی
اپ ڈیٹ 26 جنوری 2024 10:00pm
فوٹو ۔۔ فائل / آج نیوز
فوٹو ۔۔ فائل / آج نیوز

غذر میں موسم سرما کی پہلی برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ جب کہ مری میں بھی ہلکی برف باری ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔ جب کہ دھند کی شدت میں کمی کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

غذر کے پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

غذر میں آج نیوز کے نمائندے نے بتایا کہ غذر کے بالائی علاقوں میں طویل عرصے بعد برفباری ہوئی ہے۔ جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

مری سے اطلاعات کے مطابق علاقے میں برفباری ہوئی جو کچھ دیر جاری رہی۔ تاہم بعد باری کا سلسلہ 28 جنوری سے شروع ہونے کی پیش گوئی ہے۔

طویل خشک موسم کے بعد بارش کا سبب بننے والی مغربی ہوائیں27 جنوری سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونگی جو31 جنوری تک بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 27 جنوری کی رات سے 31 جنوری کے دوران گلگت بلتستان ( دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ ، گلگت، گانچھے، شگر)، کشمیر (وادی نیلم، مظفر آباد، پونچھ، بٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور) میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

27 سے 31 جنوری کے درمیان اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار ، مری ، گلیات میں بھی بادل برسنے کی پیشگوئی ہے۔

30 اور 31 جنوری کو گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، نارووال، میانوالی، سرگودھا میں بارش متوقع ہے، جب کہ میدانی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

بلوچستان میں 28 اور 29 جنوری کو کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ بالائی سندھ میں ہلکی سے درمیانی دھند پڑنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر پوسٹ پریس ریلیز میں گلگت بلتستان، کشمیر ، بلوچستان، اور سندھ کے علاوہ پنجاب اور خیبرپختون خوا کے حوالے سے بھی پیش گوئی کی ہے۔

Cold Weather

Met Office

snowfall