Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

شعیب ملک نے بی پی ایل میں میچ فکسنگ کے الزامات پر خاموشی توڑ دی

اگر ضرورت پڑی تو میں ٹیم کیلئے دستیاب ہوں، شعیب ملک
شائع 26 جنوری 2024 04:48pm

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے بنگلادیش پریمیئر لیگ میں میچ فکسنگ کے الزامات پر خاموشی توڑ دی۔

شعیب ملک کا بی پی ایل فرنچائز فارچیون بریشال کے ساتھ معاہدہ تھا تاہم وہ 2 روز قبل بنگلادیش سے دبئی چلے گئے تھے۔

اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان میں شعیب ملک نے کہا کہ فارچیون بریشال کے ساتھ اپنی پلیئنگ پوزیشن کے بارے میں گردش کرنے والی افواہوں کو مسترد کرتا ہوں، میں نے کپتان تمیم اقبال کے ساتھ مکمل بات چیت کی اور پھر ہم باہمی طور پر آگے بڑھے۔

شعیب ملک نے بتایا کہ دبئی میں پہلے سے طے مصروفیت کی وجہ سے مجھے بنگلادیش چھوڑنا پڑا۔

انہوں نے اپنے بیان میں بی پی ایل کی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ضرورت پڑی تو میں ٹیم کے لیے دستیاب ہوں۔

شعیب ملک نے اپنے پیغام میں بنگلادیش پریمیئر لیگ کے حوالے سے پھیلائی جانے والی افواہوں پر احتیاط برتنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ میں واضح طور پر ان بے بنیاد افواہوں کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ہر کسی کے لیے معلومات پر یقین کرنے اور پھیلانے سے پہلے اس کی تصدیق کرنا بہت ضروری ہے، جھوٹ ساکھ کو نقصان پہنچا سکتا ہے اور یہ غیر ضروری الجھن پیدا کر سکتا ہے۔

Shoaib Malik

Dhaka

match fixing

bangladesh prime league

bpl

Fortune Barishal