Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

فیکٹ چیکر محمد زبیر کے لیے تامل ناڈو ریاست کا اعلٰی ایوارڈ

آلٹ نیوز کے ذریعے محمد زبیر نے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا ہے، بھارت کی جنوبی ریاست کے وزیر اعلٰی کا اظہارِ ستائش
شائع 26 جنوری 2024 03:49pm

بھارت کی جنوبی ریاست تامل ناڈو کے وزیر اعلٰی ایم کے اسٹالن نے بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے گراں قدر خدمات انجام دینے پر محمد زبیر کو ریاست کے خصوصی ایوارڈ سے نوازا ہے۔ AltNews کے شریک بانی محمد زبیر کو فیکٹ چیکنگ کے شعبے میں گراں قدر حیثیت کا حامل قرار دیا گیا ہے۔

تامل ناڈو کے وزیر اعلٰی ایم کے اسٹالن کا کہنا ہے کہ محمد زبیر نے فیکٹ چیکنگ کے شعبے میں اہم خدمات انجام دی ہیں۔ حقائق عوام تک پہنچاکر انہوں نے فرقہ وارانہ کششیدگی اور تشدد کی راہ مسدود کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ سوشل میڈیا میں پھیلائی جانے والی گمراہ کن پوسٹس اور وڈیوز کی روک تھام میں محمد زبیر اور ان کی ٹیم کا گراں قدر کردار ہے۔

تامل ناڈو کی حکومت نے کہا ہے کہ مارچ 2023 میں سوشل میڈیا پر یہ افواہ پھیلائی گئی کہ ریاست میں غیر مقامی یعنی دیگر ریاستوں سے آئے ہوئے محنت کشوں پر حملے ہو رہے ہیں۔

حقائق تک رسائی ممکن بناکر محد زبیر نے آلٹ نیوز پر بتایا کہ اس حوالے سے جو کچھ بھی کہا جارہا تھا وہ گمراہ کن تھا اور متعلقہ وڈیو میں جو کچھ بھی دکھایا گیا وہ تامل ناڈو میں ہوا ہی نہیں تھا۔

تامل ناڈو حکومت نے کوٹائی امیر کمیونل ہارمنی ایوارڈ 2000 میں شروع کیا تھا۔ اس ایوارڈ کے ساتھ ایک میڈل، پچیس ہزار روپے اور صداقت نامہ دیا جاتا ہے۔

محمد زبیر تامل کے ضلع کرشنا گری کے تعلقہ دھین کونی کوٹائی کے رہائشی ہیں۔

Tamil Nadu

ALTNEWS

AWARD FOR MUHAMMED ZUBAIR

COMMUNAL HARMONY