جرمنی کا غیرملکیوں کو فوج میں بھرتی کرکے جلد شہریت دینے کی اسکیم پر غور
جرمن حکومت ایک نئی اسکیم متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے جس کے تحت غیر ملکیوں کو ملک کی فوج میں بھرتی ہونے اور مختصر مدت میں شہریت حاصل کرنے کی اجازت ہوگی۔
ڈی ڈبلیو کے مطابق جرمنی ابتدائی مرحلے میں یورپی یونین کے ممالک کے شہریوں کو بھرتی کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاہم ان ممالک سے باہر بھی گنجائش موجود ہے۔
اس منصوبے کا مقصد پانچ سال کے اندر جرمن فوج کو تیار کرنا ہے، حکومت بھرتی کے بعد غیر ملکیوں کو کسی بڑے طریقہ کار سے گزرے بغیر فوری طور پر جرمن شہریت دینے پر غور کر رہی ہے۔
جرمنی کے وزیر دفاع بورس پسٹوریئس نے سب سے پہلے یہ تجویز پیش کی تھی کہ فوج اہلکاروں کی شدید کمی سے نمٹ رہی ہے جب کہ غیر ملکیوں کی بھرتی سے ملک کو اس کمی سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
نہ صرف حکومت کے وزراء بلکہ دیگر نے بھی اس منصوبے کی حمایت کی کیونکہ فری ڈیموکریٹک پارٹی اور کرسچن ڈیموکریٹک یونین نے بھی اس تجویز سے اتفاق کیا تھا۔
ایف ڈی پی کی رکن میری ایگنس اسٹریک زمرمین نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ یورپی ممالک سے امیدواروں کی بھرتی کے علاوہ اس اسکیم کو یورپ سے باہر بھی بڑھایا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ جرمن حکومت نے دوہری شہریت پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ تارکین وطن کارکنوں کو راغب کرنے کے لیے نیچرلائزیشن قانون منظور کیا تھا۔
Comments are closed on this story.