Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کا مقصد افراتفری اور مایوسی پھیلانا ہے، آرمی چیف

دشمن کے پروپیگنڈے سے مقابلے کیلیے نوجوان ریاست کی معلومات پر انحصار کریں، نگراں وزیراعظم
اپ ڈیٹ 24 جنوری 2024 08:03pm
Photo: x@GovtofPakistan
Photo: x@GovtofPakistan

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف تو افواج پاکستان لڑ سکتی ہیں مگر دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ہے، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے۔

جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ”پاکستان نیشنل یوتھ کانفرنس“ سے تاریخی خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کے معماروں اور اقبال کے شاہینوں سے مخاطب ہو کر انتہائی خوشی محسوس کر رہا ہوں، پاکستان کو بنانے کا مقصد یہ تھا کہ ہمارا مذہب، تہذیب و تمدن ہر لحاظ سے ہندوؤں سے مختلف ہے نہ کہ ہم مغربی تہذیب و تمدن کو اپنا لیں۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ نوجوانوں کو اپنے وطن، قوم، ثقافت و تہذیب و تمدن اور اپنے آپ پر بے پناہ اعتماد ہونا چاہیے، پاکستان کے نوجوانوں کو اس بات کا یقین ہونا چاہئے کہ وہ ایک عظیم وطن اور قوم کے سپوت ہیں، ہمارے ملک کے نوجوان اس قوم و ملک کی روشن روایات، اقبال اور قائد کے خوابوں کی تعبیر کے امین ہیں۔

جنرل عاصم منیر کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے خلاف تو افواج پاکستان لڑ سکتی ہیں مگر دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کا تعاون ضروری ہے، سوشل میڈیا کی خبروں کی تحقیق بہت ضروری ہے، سوشل میڈیا پر پروپیگینڈے کا مقصد بے یقینی، افرا تفری اور مایوسی پھیلانا ہے۔

آرمی چیف نے زور دیا کہ تحقیق اور مثبت سوچ کے بغیر معاشرہ افراتفری کا شکار رہتا ہے ، اللہ تعالی قرآن مجید میں فرماتے ہیں کہ؛ ”اے ایمان والو! اگر کوئی فاسق تمہارے پاس کوئی خبر لے کر آئے تو اُس کی تحقیق کرلو“

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان کے قیام کی ریاست طیبہ سے مماثلت ہے دونوں کلمے کی بنیاد پر قائم ہوئی ، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ معدنی وسائل، زراعت اور نوجوان افرادی قوت جیسی نعمتوں سے نوازا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلمان مشکل میں صبر اور آسانی میں اللہ کا شکر ادا کرتا ہے، ہماری افواج ہر قسم کے خطرے اور سازش کے خلاف ہمہ دم تیار ہیں، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو ہم کچھ بھی نہیں ہیں، پاکستان اپنی خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، پاکستان کے روشن مستقبل پر کامل یقین اور اسلاف کی میراث کو قائم رکھنا ہے۔

طلباء نے خطاب کے دوران پاکستان آرمی زندہ باد ، پاکستان زندہ باد اور قائد اعظم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

دشمن کے پروپیگنڈے سے مقابلے کیلیے نوجوان ریاست کی معلومات پر انحصار کریں، وزیراعظم

دوسری جانب نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نوجوانوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ جب نوجوان دشمنوں کے پھیلائے ہوئے پراپیگینڈے کو مسترد کرکے ریاست کی طرف سے فراہم کردہ مستند معلومات پر انحصار کریں تو اس چیلنج پر قابو پایا جاسکتا ہے۔

اسلام آباد میں منعقدہ یوتھ کنونشن 2024 میں نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جہاں ان کے علاوہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شریک تھے۔

انوارالحق کاکڑ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے ناسور کا جرات اور بہادری سے مقابلہ کیا اور لازوال قربانیاں دی ہیں، پاک فوج نے پوری لگن اور پیشہ ورانہ مہارت سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی۔

نگراں وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان جو ہماری آبادی کا 65 فیصد ہیں، ان کی شمولیت اور تعاون کے بغیر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح ممکن نہیں تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہمیں پاکستان کے خلاف حال ہی میں پاکستان کے دشمنوں کی جانب سے پھیلائے گئے پروپیگینڈے جیسے اقدامات کو مسترد کردینا چاہیے۔

نگران وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان قومی سلامتی کے اس ابھرتے ہوئے چیلینج سے نبرد آزما ہونے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں اور اس چیلینج پر اسی وقت قابو پایا جا سکتا ہے جب نوجوان دشمنوں کے پھیلائے ہوئے پروپیگینڈے کو مسترد کرکے ریاست کی طرف سے فراہم کردہ مستند معلومات پر انحصار کریں۔

Army Chief General Asim Munir