یوکرین کے قریب روسی فوجی طیارہ گر کر تباہ، کم ازکم 65 ہلاک
یوکرین کی سرحد سے متصل جنوبی بیلگورود میں روس کا ایلیوشین 76 فوجی ٹرانسپورٹ طیارہ گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں کم ازکم 65 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز نے روسی وزارت دفاع کے حوالے سے 65 افراد کی ہلاکت رپورٹ کی ہے۔ روئٹرز کے مطابق جہاز میں عملے کے پانچ افراد شامل تھے اور یہ 90 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یوکرین کی سرحد سے متصل یہ علاقہ حالیہ مہینوں میں یوکرین کی جانب سے مسلسل حملوں کی زد میں آیا ہے، ان میں دسمبر کا میزائل حملہ بھی شامل ہے جس میں 25 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
ریا نووستی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ جہاز میں سوار افراد میں یوکرین کی مسلح افواج کے گرفتار ارکان بھی شامل تھے۔
سوشل میڈیا پرشیئر کی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یابلونوو گاؤں کے قریب ایک طیارہ گر کر تباہ ہوا جس کے بعد دھماکہ ہوا۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ طیارے میں یوکرین کے 65 فوجی سوار تھے جنہیں بیلگورود کے علاقے میں لے جایا جا رہا تھا۔
حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ایک خصوصی فوجی کمیشن جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا جارہا ہے۔
بیلگورود کے علاقائی گورنر ویاچیسلاو گلاڈکوف کا کہنا ہے کہ وہ اس ’واقعے‘ سے آگاہ ہیں تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں دیں۔
ایلیوشین -76 طیارے
آئی ایل-76 ایک فوجی نقل و حمل کا طیارہ ہے جو فوجیوں، کارگو، فوجی سازوسامان اور ہتھیاروں کو ہوائی جہاز کے ذریعے لے جانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
Comments are closed on this story.