غزہ میں 24 اسرائیلی فوجی ہلاک، ایک دن میں سب سے زیادہ اموات
غزہ میں 24 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے، اسرائیلی فوج نے منگل کے روز کہا ہے کہ یہ حماس کے خلاف جنگ کے ایک دن میں سب سے بڑی اسرائیلی ہلاکتیں ہیں، جب کہ اسرائیل نے 2024 میں اب تک کے سب سے بڑے زمینی حملے کیے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پیر کے روز جنوبی اور وسطی غزہ کی پٹی میں شدید لڑائی کے دوران چوبیس اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گئے۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق ہلاک ہونے والے 24 فوجیوں میں سے 21 اسرائیلی سرحد کے قریب علاقے کے اندر ایک ہی دھماکے میں ہلاک ہوئے ہیں۔
اخبار نے اسرائیلی فوج کے چیف ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیل کے حوالے سے بتایا کہ زیادہ تر فوجی دو منزلہ عمارتوں کے اندر تھے جو بظاہر اسرائیلی فوج کی جانب سے عمارتوں کو برابر کرنے کے لیے رکھے گئے دھماکہ خیز مواد سے بھرے دھماکے میں منہدم ہو گئیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ 24 اسرائیلی فوجیوں کی ہلاکت سات اکتوبر 2023 کے بعد سے ایک دن میں اسرائیلی فوج کا سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیل غزہ میں حماس کے باقی ماندہ مضبوط ٹھکانوں پر حملے کر رہا ہے اور سرحد کے قریب علاقوں کو خالی کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے منگل کے روز اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اسرائیل غزہ میں اس وقت تک لڑائی بند نہیں کرے گا جب تک کہ اس کی مکمل فتح نہیں ہو جاتی۔
Comments are closed on this story.