Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

الیکشن 2024 : ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایک اور سیاسی رہنما پر بھاری جرمانہ

این اے 143ساہیوال سے امیدوار کو 50 ہزار روپے جرمانہ اور آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت
شائع 23 جنوری 2024 05:22pm
فوٹو۔۔ فائل
فوٹو۔۔ فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخابات کے ضابطہ اخلاق کو یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ پنجاب میں بھی مانیٹرنگ ٹیمیں متحرک ہیں۔ این اے 143ساہیوال سے امیدوار ماجد حسین کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر50 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا گیا۔

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ساہیوال نے این اے 143ساہیوال سے امیدوار ماجد حسین پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اور وارننگ جاری کرتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کی ہدایت کی۔

ماجد حسین نے ضلعی انتظامیہ سے بغیراجازت کار ریلی نکالی تھی اور جلسے کا اہتمام کیا تھا۔

مانیٹرنگ ٹیموں کی جانب سے مختلف اضلاع سے پلاسٹک پینا فلکسز اور اوورسائز تشہیری مواد ہٹانے کا عمل جاری ہے۔

ملتان، ویہاڑی اور رحیم یار خان میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پرانتخابی امیدواران کو نوٹس جاری کیے گئے۔

اس سے قبل بانی پی ٹی آئی سمیت کئی سیاسی رہنماؤں کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا جاچکا ہے۔

گزشتہ ماہ کے آخر میں عمران خان نے بھی 2 لاکھ روپے جرمانہ الیکشن کمیشن میں جمع کرایا تھا۔ عمران خان پر یہ جرمانہ ماضی میں عائد کیا گیا تھا بانی پی ٹی آئی سمیت کچھ امیدواروں نے جرمانہ جمع نہیں کیا تھا جس میں بانی پی ٹی آئی کا نام بھی شامل تھا۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کے ذمے 2 لاکھ روپے کا جرمانہ بقایا تھا جو انھوں نے 29 دسمبر 2023 کو جمع کروایا تھا۔

اس کے علاوہ رواں ماہ 10 جنوری کو پاکستان مسلم لیگ (ن) لیگ کے امیدوار شاہ جی گل آفریدی پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

ڈی ایم او خیبر کا کہنا تھا کہ شاہ جی گل آفریدی پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔

ڈی ایم او خیبر نے بتایا تھا کہ شاہ جی گل آفریدی نے لوئی شلمان کے سرکاری اسکول میں جلسہ کا انعقاد کیا تھا، سرکاری عمارت میں سیاسی جلسوں کے انعقاد پر پابندی ہے۔

اس کے علاوہ دانیال عزیز پر بھی الیکشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔