Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بشریٰ بی بی پر عمران خان سے اختلافات کیسے ہوئے، جہانگیر ترین نے پوری کہانی سنا دی

جہانگہیر ترین کی پہلی مرتبہ عمران خان سے اختلافات پر لب کشائی
شائع 23 جنوری 2024 09:22am

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے سربراہ جہانگیر ترین نے عمران خان کے ساتھ تعلقات کی خرابی اور بشریٰ بی بی سے ان کے تعلقات کے بارے میں ہوشرُبا انکشافات کیے ہیں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے بتایا کہ خاور مانیکا کے چھوٹے بھائی میرے پاس بشریٰ بی بی سے متعلق پیغام لے کر آئے جو میں نے سوچ سمجھ کر عمران خان کو بتایا، پھر اس کے بعد ولیمے کی تقریب میں بشریٰ بی بی نے مجھ سے ناراضگی کا اظہار کیا اور اس کے بعد تعلقات میں دراڑ آگئی۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ میں عمران خان کا دوست تھا اور میں نے دوستی کے تحت ہی سب کچھ ان کے سامنے رکھا تھا، لیکن اس کے بعد عمران خان نے جو میرے بچوں کے ساتھ کیا میں اس کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا، میں ایف آئی آرز دیکھ کر حیران رہ گیا تھا۔

انہوں نے عمران خان سے اختلافات کے آغاز کے حوالے سے بتایا کہ مجھے خاور مانیکا کے چھوٹے بھائی رضا کا فون آیا، وہ کہنے لگا کہ میں نے ملنا ہے ، میں نے کہا آجاؤ، انہوں نے کہا کہ ایسے نہیں ملنا پرائیویٹ میں ملنا ہے ، میں نے کہا ٹھیک ہے آجائیں، وہ ملنے آئے اورمجھ سے بشریٰ بی بی اور عمران خان کے حوالے سے بات کی۔ میں نے کہا کہ یہ میرا کام نہیں ہے ، آپ غلط آدمی کے پاس آئے ہیں، آپ کو ایسی بات کرنے میں شرم آنی چاہیے، یہ ہمارا معاملہ نہیں ہے ، آپ کا فیصلہ ہے جو کرنا ہے وہ کریں۔

جہانگیر ترین نے بتایا کہ خاور مانیکا کے بھائی کہنے لگے آپ اپنے لیڈرعمران خان کو بچا لیں، میں ساری رات سویا نہیں، میرے پاس دو راستے تھے کہ چپ رہتا اور سینے میں رکھتا یا پھر عمران خان کے ساتھ بات کرتا، پھرمیں نے سوچا کہ یہ میرا فرض ہے کہ میں عمران خان کو یہ بات بتاؤں ، میں نے عمران خان کو فون کیا اور ملنے کیلئے کہا، انہوں نے کہا کہ آجائیں.

جہانگیر ترین کے مطابق خاور مانیکا کے بھائی نے مجھے جو بتایا میں نے عمران خان کو بتا دیا، عمران خان نے اس پر ناگواری ظاہر کی، ان کے تاثرات اچھے نہیں تھے ، پھر عمران خان نے مجھے کہا کہ آپ نے ان سے ملاقات کیوں کی، میں نے کہا کہ میرے دروازے کھلے ہیں، میں نے سن لیا ، میرا کام ہے آپ کو بتانا باقی آپ کی مرضی۔

imran khan

Jahangir Tareen

bushra bibi

khawar manika