صبورعلی کے انداز کی ’مکمل نقالی‘ کے الزام پر اقراء عزیز کا موقف
**نجی ٹیلی ویژن سے نشر ہونے والا میگا ہٹ ڈرامہ’ منت مراد’ گزشتہ ہفتے اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔ ڈرامے میں منت کی شادی کے مناظر کو بھی مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا گیا تاہم اداکارہ صبورعلی نے دُلہن بنی اقراء عزیز کی اس ’لُک‘ پراپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
حال ہی میں اقراء عزیز اپنے خاون یاسر حسین کی میزبانی میں ’پک اینڈ ڈراپ شو‘ میں نظر آئیں، جس میں انہوں نے صبور کے روپ کی نقالی کی وجہ پر روشنی ڈالی۔
اداکارہ کے مطابق یہ روایتی جوڑا اس کردار کی ڈیمانڈ تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’ڈرامے میں منت کے بھائی کی خواہش ہوتی ہے کہ منت اپنی شادی پر اپنی ماں کا جوڑا پہنے۔ اس کے لیے ہمیں پھر ایک روایتی لباس کی ضرورت تھی، ہم نے سب جگہ ڈھوںڈا لیکن ہمیں روایتی جوڑا نہیں مل سکا‘۔
اقراء کے مطابق، ’میرے ڈائریکٹر نے ایک تصویرمیرے ساتھ شیئر کی، میں نے اس جوڑے کو تلاش کیا تو پتہ چلا کہ یہ فائزہ ثقلین کا جوڑا ہے۔ ہم نےڈیزائنرسے رابطہ کیا، میں نے ان سے قمیض کا ڈیزائن تبدیل کرنے کی درخواست کی کیونکہ میں بالکل ہی ویسا نہیں چاہتی تھی۔ وپٹہ اور غرارے کو ویسا ہی رکھا کیونکہ ہم اسے مکمل طور پر تبدیل نہیں کرسکتے تھے۔ ہم نے زیورات کو بھی سادہ اور روایتی رکھا۔‘
اداکارہ کے مطابق ڈرامے کے اس منظر کے لیے انہوں نے اپنی پوری لُک ڈیزائن کیا۔
اقراء نے واضح کیا کہ ’میں یہ نہیں کہوں گی کہ میں نے نقل کی ہے لیکن میں واقعی ان (صبورعلی ) کے اس لُک سے متاثر تھی کیونکہ وہ بہت خوبصورت لگ رہی تھیں اور میں ان کی طرح خوبصورت نظر آنا چاہتی تھی۔ مجھے ایسا لگا تھا کہ منت کو بھی اس طرح نظر آنا چاہئیے۔‘
صبور کے تحفظات کے حوالے بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ ’مجھے ایسا محسوس نہیں ہوا کہ مجھے ان کو انفارم کرنا چاہئیے، کیونکہ وہ جوڑا میں نے ان سے نہیں بلکہ ڈیزائنرسے لیا تھا‘۔
واضح رہے کہ صبور نے اخوشی کا اظہار کرتے ہوئے انسٹا گرام پر لکھا تھا کہ ’اب میں یہ دیکھ کر کیسا محسوس کروں؟ میرے یادگار لمحات، میری یادیں، میرے جذبات، میرا وژن اور میری زندگی کے سب سے خاص دن کے لیے میرا لباس اور جیولری سے لے کر میک اپ تک سب کچھ ڈرامے میں کاپی کیا گیا ہے‘۔
اقرا عزیز پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ہیں جہنوں نے اپنی اداکاری سے سب کو ہی اپنا گرویدہ بنادیا ہے۔ انہوں نے ڈرامہ سیریل ’مول‘ سے ڈیبیو کیا تھا اور مشہور ہٹ ڈرامہ سیریل ’سنو چندا‘ کے ذریعے شہرت حاصل کی۔ ان کے دیگر قابل ذکر ڈراموں میں ’جھوٹی‘، ’رانجھا رانجھا کردی‘، ’رقیب سے‘ اور’قربان’ شامل ہیں۔
Comments are closed on this story.