Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن مہم میں ڈاکوؤں کی جدید اسلحے کے ساتھ شرکت

ن اسلحے کی نمائش پر پیپلز پارٹی اور آزاد امیدواروں کے 400 حامیوں کے خلاف مقدمہ درج
شائع 23 جنوری 2024 08:38am

جیکب آباد کی تحصیل گڑھی خیرو میں الیکشن مہم کی ریلی میں ڈاکوؤں کی شرکت نے ہنگامہ کھڑا کردیا۔ پولیس کے مطابق آزاد پینل کی ریلی میں دہشت کی علامت بنے بدنام ڈاکو جدید اسلحہ لے کر شریک ہوئے۔

پولیس نے الیکشن مہم کے دوران اسلحے کی نمائش پر پیپلز پارٹی اور آزاد امیدواروں کے 400 حامیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس نے اسلحے کی نمائش پر گڑہی خیرو کے دو تھانوں میں پیپلز پارٹی اور آزاد امیدواروں کے 40 معلوم افراد سمیت 400 نامعلوم حامیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

انتخابی مہم ختم ہونے کا وقت اور تاریخ جاری

تھانہ گڑہی خیرو پر اے ایس آئی اظہر علی مہر کی مدعیت میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی الیکشن مہم کے دوران اسلحے کی نمائش کرنے پر 14 معلوم افراد سمیت 200 افراد کے خلاف دفعہ 188، 353، 224، 225، 148 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

جبکہ جیکب آباد کے تھانے دوداپور پر ایس آئی پی عبدالنبی ملغانی کی مدعیت میں آزاد امیدواروں کے 25 معلوم افراد سمیت 200 حامیوں کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ جیکب آباد کی ایک قومی اور تین صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر 74 امیدوار آمنے سامنے ہوں گے اور الیکشن والے روز 4 لاکھ 97 ہزار 578 ووٹر ز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جب کہ 79 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔

Election Campaign

Jacobabad

Kacha Robbers

Election 2024

Election Jan 23 2023