Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی میں 5افراد لاشیں، بچوں کو دو دو گولیاں ماری گئیں

گھر کا سربراہ کاروبار بند ہونے سے پریشان تھا، بچوں اور اہلیہ کو مار کر خودکشی کرلی، پولیس
اپ ڈیٹ 23 جنوری 2024 10:55am
فوٹو ۔۔۔ فائل
فوٹو ۔۔۔ فائل

کراچی میں وائر لیس گیٹ کے پاس ایک گھر کے اندر سے پانچ لاشیں ملی ہیں، جس میں بچے بھی شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق مرنے والے بچوں کی عمریں 3، 5 اور 8 سال ہیں۔ جناح اسپتال میں لاشوں کا پوسٹمارٹم کیا گیا اور اس کے بعد دوبارہ ایکسرے کیا گیا۔

نوٹ : اس خبر کی تفصیلات بعض لوگوں کے لئے تکلیف دہ ہوسکتی ہیں۔

دلخراش واقعہ تھانہ ایئرپورٹ کی حدود میں فلک ناز اپارٹمنٹ میں پیش آیا۔ رہائشی احسن رضا رضوی نے تین بچوں جبرائیل ، میکائیل اور بچی امہ ہانی اور اہلیہ ندا رضوی کی جان لے لی۔

واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے بستر پر تین بچوں اور بیوی کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے تیس بور کا اسلحہ اور خول بھی تحویل میں لے لیے ہیں۔

اس سے پہلے ابتدائی طور پر پولیس کا کہنا تھا کہ بیوی اور بچوں کو زہر دے کر مارا گیا، گھر کے سربراہ نے پھندا لگا کر خودکشی کی۔

متوفی کاروبار بند ہونے سے پریشان تھا

ایس ایس پی ملیر طارق الہیٰ مستوئی خود موقع پر پہنچے اور میڈیا کو بتایا کہ بد قسمت گھر کا سربراہ احسن رضا رضوی گارمنٹس کا کام کرتا تھا، اور کاروبار بند ہونے کے بعد سے پریشان تھا۔

انھوں نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں بچوں کی لاشوں پر تیز دھار آلے کے وار کے نشان موجود ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ احسن رضا کے فلیٹ سے ایک تحریری نوٹ بھی ملا ہے، لکھے گئے نوٹ میں ایک لیپ ٹاپ کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ فلیٹ سے لیپ ٹاپ پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔

طارق مستوئی کے مطابق کرائم سین یونٹ عملہ شواہد اکھٹے کررہا ہے۔

متوقی کا نوٹ

گھر کے سربراہ نے خود کشی سے پہلے ڈائری پر گھر والوں کے لئے ایک نوٹ بھی چھوڑا ہے۔

نوٹ انگریزی زبان میں تحریر کیا گیا ہے، جس میں اپنے لیپ ٹاپ میں محفوظ فائل کھولنے کی وصیت کی گئی ہے۔

نوٹ میں لکھا کہ میں سید احسن رضا رضوی خود کشی اور بیوی بچوں کا قتل کررہا ہوں۔ لیپ ٹاپ کے ڈیسک ٹاپ پر ورڈ کی فائل ضرور دیکھ لینا۔

پولیس نے لیپ ٹاپ میں موجود ورڈ کی فائل کھول لی۔ فائل میں احسن رضا کا بیان لکھا ہوا ہے۔

متوفی نے لکھا کہ اگر میں اس کام کے بعد بچ جاؤں تو مجھے مار دینا، بچے اور بیوی تو سو رہے تھے انہیں پتہ بھی نہیں تھا۔

احسن نے مزید تحریر کیا کہ میں نے جس پستول سے فائرنگ کرکے بیوی بچوں کو قتل کیا وہ چوری کرکے لایا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق نوٹ میں رقم کی لین دین کا احوال بھی بتایا ہے، احسن نے گھریلو لین دین کی تفصیلات بھی نوٹ میں لکھی ہے۔

پوسٹ مارٹم

ذرائع کے مطابق جناح اسپتال کے مردہ خانے میں ڈاکٹر سکندر اعظم اور ڈاکٹر تسنیم نے پوسٹ مارٹم کیا، پانچوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے بعد مردہ خانے سے دوبارہ شعبہ ایمرجنسی لایا گیا ہے، اور لاشوں کا ایکسرے دوبارہ کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مردہ حالت میں پائے گئے بچے اور خاتون کی موت گولی لگنے سے ہوئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فیملی کا پوسٹ مارٹم مکمل ہوچکا ہے۔

پوسٹ مارٹ کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق ندا کو سر میں ایک گولی، چھ سالہ جبرائیل کو دو گولیاں سر اور بائیں بازو کی سمت لگیں۔

چار سالہ میکائیل کو دو گولیاں سر اور بائیں ٹانگ میں لگیں۔

دو سالہ ام ہانی کو سر میں ایک گولی لگی ہے۔

جبکہ احسن کی موت پھندے سے لٹکنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تمام کے میڈیکل سیمپلز برائے ٹیکسیکالوجی و کیمیکل کیلئے فارنزک لیبارٹری روانہ کر دیے گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے متعلق ابھی کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے، اطراف کے سی سی ٹی وی کیمرے کی فوٹیجز چیک کررہے ہیں، واقعہ کی مزید تفتیش جاری ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد نہیں ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے، خاتون کے ورثاء لاش کو ملیر کالا بورڈ لے گئے، جبکہ باپ اور تین بچوں کی لاشیں صفورا گوٹھ منتقل کر دی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں اس طرح کے لرزہ خیز واقعات اس سے قبل بھی سامنے آچکے ہیں۔

موجودہ واقعہ ”فلک ناز اپارٹمنٹ“ میں پیش آیا جبکہ اس علاقے کے قریب ایسا ہی واقعہ 30 نومبر 2022 کو بھی پیش آیا تھا۔ ملیر میں واقع شمسی سوسائٹی میں کاروبار میں مستقل نقصان سے پریشان شہری فواد نے بیوی اور تین بیٹیوں کو قتل کرنے کے بعد قرض واپس مانگنے والے کو ویڈیو کال کرکے اپنے گلے پر بھی چھری پھیردی تھی۔

آپ تنہا نہیں، مدد دستیاب ہے

ذہنی دباؤ اور پریشانی آج کی تیز رفتار زندگی میں بہت عام ہے۔ مشکلات سے نمٹنے کیلئے ہر انسان کو سہارے، اچھے مشورے اور رہنمائی کی ضرورت ہوتی ہے۔ براہ کرم آپ ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔

  • اگر آپ اداس محسوس کر رہے ہیں۔ آپ تنگ ماحول میں کام کرنے کی وجہ سے تناؤ محسوس کر رہے ہیں۔

  • کسی بھی بیماری کی وجہ سے پریشانی محسوس کر رہے ہیں یا حال میں آپ کوئی ذہنی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔

  • آپ کے ڈاکٹر نے آپ کو کونسلنگ لینے کا مشورہ دیا ہے، آپ محسوس کر رہے ہیں کہ آپ کیفیت کو کوئی نہیں سمجھ رہا ہے۔

آپ درج ذیل ہیلپ لائنز سے رابطہ کرسکتے ہیں اور ان سے بات کرسکتے ہیں۔

  • مائنڈ آرگنائزیشن: 35761999 042

  • امنگ: 4288665 0317

  • ٹاک ٹومی ڈاٹ پی کے: 4065139 0333

  • بات کرو: 5743344 0335

  • تسکین: 5267936 0332

  • روح: 3337664 0333

  • روزن: 22444 0800

  • اوپن کونسلنگ 35761999 042

یہاں یہ بات اہم ہے کہ آپ کو کیا کرنا چاہیے۔ اگر آپ کا کوئی جاننے والا فرد خودکشی کرنے کی کوشش کرتا ہے یا کسی بھی طرح کی علامات ظاہر کرتا ہے، تو براہ کرم درج ذیل ہدایات پرلازمی عمل کریں۔

  • اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کریں کہ انہیں تنہا نہ چھوڑیں۔

  • ایسی چیزوں کو اِن کے پاس سے ہٹا دیں جس سے وہ خود کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

  • ایسے فرد کو طبی یا ذہنی صحت کے ماہر سے مدد لینے کے لیے اس کی حوصلہ افزائی کریں۔

karachi

Suicide

Karachi Police

Street Crimes

Pakistan Poverty