Aaj News

جمعہ, ستمبر 20, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

8سال بعد ایم کیو ایم کا کراچی میں بڑا جلسہ: آج نکاح ہوا، 8 فروری کو ولیمہ کھائیں گے، فاروق ستار

کراچی کے عوام نے آج ہی اپنے فیصلے پر مہر لگا دی، خالد مقبول صدیقی
اپ ڈیٹ 22 جنوری 2024 02:41am
Farooq Sattar’s claim to form next govt In Sindh - Aaj News

کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان نے سیاسی قوت کا مظاہرہ کیا۔ آٹھ برس بعد پارٹی کا یہ پہلا بڑا جلسہ تھا۔

باغ جناح گراونڈ میں جلسے سے خطاب میں پارٹی کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کراچی کے عوام نے آج ہی اپنے فیصلے پر مہر لگا دی، پاکستان کی خوشحالی شہر قائد کی خوشحالی کی بدولت ہے۔ سینئر رہنماء فاروق ستار نے کہا کہ آج نکاح ہوا 8 فروری کو ولیمہ کھائیں گے۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلاول صاحب ایم کیو ایم کے بغیر آپ کے بڑے بھی کبھی وزیر اعظم نہیں بن سکے تو آپ کیسے بنیں گے۔

جلسے سے خطاب میں فاروق ستار نے مزید کہا کہ کراچی کےعوام نے ایم کیوایم کے حق میں فیصلہ دے دیا، آج کا جلسہ بتا رہا ہے کہ سندھ بدل رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بہت جلد کراچی میں سرکلرریلوے چلے گی، سندھ میں 15 سال تک ظلم کے پہاڑ توڑے گئے، بد ترین حکمرانوں سے جان چھوٹنے والی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو مظلوموں کو آزادی ملے گی، پنجاب میں آج بھی گیس آرہی ہے لیکن کراچی میں نہیں۔

انھوں نے کہا کہ ٹیکس دینے والے شہر کو گیس میسر نہیں ہے، مائیں بہنیں پوچھتی ہیں کب تک باہر سے کھانا منگوائیں گے۔

فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کی روایات رہی ہے کہ پانچ روزہ میچ نہیں کھیلتے بلکہ ٹوئنٹی ٹوئنٹی کھیل کر میچ جیت کر فارغ ہوجاتے ہیں۔ اہلیان کراچی نے آج یہ میچ جیت کر سندہ میں ہونے والی سیاسی تبدیلی کا آغاز کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ایم کیو ایم شہروں کے ساتھ سندھ کے گوٹھوں میں بھی حکومت بنائے گی۔ آج کا یہ پنڈال لاڑکانہ نواب شاہ جیکب آباد مورو سکھر کے لوگوں کو یہ اعلان کررہا ہے کہ بہت جلد بد دیانتوں سے سندھ کی جان چھوٹنے والی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بسنے والی تمام قومیں غلامی اور بے بسی کی زندگی سے عاجز آگئے، آٹھ فروری کو پتنگ پر نشان لگا کر سندھ کے مظلوموں کو حقیقی آزادی ملے گی۔

خالد مقبول صدیقی

کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ وعدہ تھا فیصلہ 8 فروری کو نہیں 21 جنوری کو آئے گا، یہ فیصلہ کراچی کےعوام کا آگیا ہے، آج آٹھ فروری کے نتائج کا اعلان ہوگیا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان بنایا تھا اب پاکستان بچائیں گے، آج ہم وعدہ کرتے ہیں پاکستان اصل پاکستانیوں کے حوالے کرینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو پاکستان سے محبت کرتا ہے لازم ہے کراچی سے بھی محبت کرے، ہم کراچی سے محبت پاکستان کے لیے کرتے ہیں۔

خالد مقبول نے مزید کہا کہ ایک طرف غاصب حکمراں اور دوسری طرف مظلوم عوام ہیں، ایک طرف 2 کروڑ عوام اور دوسری 22 سو خاندان ہیں۔

ایم کیو ایم کے بغیر بلاول کیسے وزیراعظم بنیں گے، مصطفیٰ کمال

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفی کمال نے کہا کہ کراچی والوں آئی لو یو، اگر اب کراچی کے نتائج میں دھاندلی ہوئی تو یہ مجمع تمارے گھروں میں گھس جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ آج فیصلہ ہوگیا کراچی حیدرآباد اور سندھ کے دیگر اضلاع میں مخالفین کی ضمانتیں ضبط کرا دینگے۔ بلاول صاحب ایم کیو ایم کے بغیر آپ کے بڑے بھی کبھی وزیر اعظم نہیں بن سکے تو آپ کیسے بنیں گے۔ آپ نے ہم کو انصاف نہیں دیا ہم آپکے خلاف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی پی کے ڈاکٹر عاصم کے کہنے پر ہمارے کارکنان پر مقدمہ درج کیا گیا ، آج اگر ہمارا مقدمہ نہ سنا تو یہ لشکر یہاں سے نارتھ ناظم آباد جائے گا۔

Pakistan Politics

Election 2024

انتخابات 2024