Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ڈالنے کی خواہش ن لیگ کی تھی، سعید غنی

سعید غنی کی ایم کیو ایم اور ن لیگ پر کڑی تنقید
شائع 21 جنوری 2024 12:21pm

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا ہے ایم کیو ایم لوگوں کو ہراساں کرکے کسی بھی طرح خدمت نہیں کر رہی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کا خیال تھا ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کوئی اور جماعت دفتر نہیں کھول سکتی، یہ کارروائیاں مصطفیٰ کمال کے بیانات کا تسلسل ہیں، مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ ہم لڑنے پر آئیں تو کوئی ہم سے جیت نہیں سکتا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ تحقیقات کی جائیں کس کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کے دفتر پر حملہ کیا گیا، اگر پولیس اور رینجرز نے سخت کارروائی نہ کی تو مشکل ہوجائے گا، اس حملے کے پیچھے کون لوگ ہیں ان کےخلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے۔

سعیدغںی نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کا کوڈ آف کنڈکٹ کا فیصلہ آیا ہے، یہ کہنا کہ شہر میں کسی بورڈ پر امیدوار کی تصویر لگی ہو تو ایف آئی آر ہوگی، الیکشن کےدوران تو یہ سب کچھ ہوتا ہے، ایسے تو ہر کوئی ایک دوسرے کی تصاویر لگوا کر ایف آئی آر کٹوا سکتا ہے، میری یا میرے مخالف کی تصویر لگ جائے تو کس قانون کے تحت ایف آئی آر ہوگی۔

سعیدغںی نے کہا کہ پولیس سے گزارش کروں گا فیصلے کے باعث دباؤ میں آکر ایسی حرکات نہ کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم ختم ہوچکی ہے، ایم کیو ایم پاکستان پی ایس پی مافیا کے کنٹرول میں ہے، ایم کیوایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی بے بس کنوینر ہیں، ایم کیو ایم کا جو تھوڑا بہت ووٹ تھا وہ مصطفی کمال کے آنے کے بعد ختم ہوگیا، مصطفیٰ کمال نےایم کیو ایم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، آپ لوگ مصطفی کمال کو پی ایس پی تصور کریں، ایم کیو ایم کے جو 6،5 ہزار ووٹ بنتے تھے وہ بھی مصطفی کمال نے ختم کردیے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی درخواست پر میرے حلقے میں پانی کی لائن پر حکم امتناع ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی صورتِ حال بہت خراب ہے، وہ پریشان ہیں، ن لیگ والے گراؤنڈ میں اترے تو انہیں صورتِ حال کا اندازہ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے اپنی خواہشات پوری کرائی ہیں، ن لیگ کی خواہش تھی کہ الیکشن آگے چلے جائیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ڈالنے کی خواہش بھی ن لیگ کی تھی، پی ٹی آئی سے بلے کا نشان لینے کی خواہش بھی ن لیگ کی تھی۔

سعید غنی نے کہا کہ ”ساڈی گل ہوگئی“ کے بعد کام بن نہیں رہا ہے۔

PMLN

Saeed Ghani

MQM Pakistan

Pakistan People's Party (PPP)

Election 2024

Election Jan 21 2024