Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

رام مندر کی افتتاحی تقریب کا جنون عام تعطیل تک جا پہنچا

ریزرو بینک آف انڈیا نے کل منی مارکیٹ بند رکھنے کااعلان کردیا، نجی کاروباری اداروں میں بھی تعطیل
اپ ڈیٹ 21 جنوری 2024 12:05pm

ایودھیا میں بابری مسجد کے مقام پر تعمیر کیے گئے رام جنم بھومی مندر کے افتتاح کے حوالے سے پائے جانے والے جوش و خروش نے اب جنونی کیفیت اختیار کرلی ہے۔

بھارت بھر میں اس ایونٹ کو ہندو ازم سے وابستگی کا سب سے بڑا اظہار سمجھا جارہا ہے۔ مودی سرکار نے اسے قومی سطح کا ایونٹ قرار دینے کے ساتھ ساتھ عام تعطیل کا ایک موقع بھی بنادیا ہے۔

ریلائنس انڈسٹریز اور دوسرے بہت سے صنعتی اور تجارتی اداروں نے مودی سرکار کی خوشنودی کی خاطر اس ایونٹ سے اپنے آپ کو بھی جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ ریلائنس اور چند دوسرے بڑے صنعتی، تجارتی اور مالیاتی گروپوں نے بھی رام مندر کی افتتاحی تقریب کی مناسبت سے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

اب ریزرو بینک آف انڈیا نے اعلان کیا ہے کہ کل (پیر 22 جنوری کو) ایودھیا میں رام جنم بھومی مندر کے افتتاح کے موقع پر ملک بھر میں منی مارکیٹ بند رہے گی۔

رام مندر کے افتتاح کی تقریب کو اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں نے حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی کا ووٹ بینک مضبوط کرنے کا ذریعہ بتایا ہے۔ کانگریس اور دوسری بڑی جماعتوں کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مودی سرکار مذہب کو سیاسی فوائد بٹورنے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔

مودی سرکار کی چاپلوسی کی دوڑ میں آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز بھی کسی سے پیچھے نہیں رہنا چاہتا تھا۔ اس نے اعلان کیا تھا کہ رام مندر کے افتتاح کے مبارک موقع پر انسٹیٹیوٹ میں آؤٹ پیشنٹ ڈپارٹمنٹ (او پی ڈی) دن کے ڈھائی بجے تک بند رکھا جائے گا۔ اس اعلان پر عوام نے شدید ردِعمل ظاہر کیا۔ سوشل میڈیا پر جب لوگوں نے آل انڈیا انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کی ٹرولنگ کی تو انتظامیہ کو یہ فیصلہ واپس لینا پڑا۔

Public Holiday

Ram Mandir

Ayodhya

Ram Mandir Ayodhya