Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

نوازشریف آئی جے آئی والی سیاست کر رہے ہیں، شیر کا راستہ تیر روک سکتا ہے، بلاول

مخالفین خلائی مخلوق سے امید لگائے ہوئے ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی
اپ ڈیٹ 20 جنوری 2024 09:01pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر سیاسی حریفوں پر وار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک جماعت پانچویں بار اپنا وزیراعظم چاہتی ہے، مخالفین خلائی مخلوق سے امید لگائے ہوئے ہیں، اب شوبازی سے بات نہیں بنے گی، شیر کا راستہ تیر روک کر تمام سازشوں کو ناکام بنا سکتا ہے۔ نوازشریف آئی جے آئی والی سیاست کر رہے ہیں۔

کوٹ ادو میں جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ 8 فروری کو 2 جماعتوں میں مقابلہ ہے، عوام اپنا ووٹ ضائع نہ کریں، عوام 8 فروری کو تیر پر مہرلگائیں، تیرکا نشان تمام سازشوں کو ناکام بنا سکتا ہے، یہ کہتے ہیں پنجاب میں دودھ کی نہریں بہا دیں، لاہور میں بہت پیسہ خرچ ہوا، صاف پانی میسر نہیں، 8 فروری کو جیت تیرکی ہوگی۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بے روزگاری غربت بڑھ رہی ہے، دہشت گردی کا خطرہ پھر نظرآرہا ہے، دہشت گرد پھر سر اٹھا رہے ہیں۔ پاکستان کے خلاف عالمی سازشیں ہورہی ہیں، آپ میرا ساتھ دیں مل کر مسائل کا مقابلہ کرسکتے ہیں، مل کر ملک کو مسائل سے نکال سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ منشور میں 10 نکاتی معاشی معاہدہ پیش کیا ہے، میں واحد سیاست دان ہوں جو عوام کی طرف دیکھ رہا ہوں، پیپلزپارٹی غریبوں کی نمائندی کرتی ہے، دیگر جماعتیں اشرافیہ کی نمائندگی کرتی ہیں۔

بلاول نے مزید کہا کہ آپ ساتھ دیں پہلے اس اشرافیہ کو تکلیف پہنچائیں گے، کہتے ہیں میرے 10 نکات پرعمل نہیں ہوسکتا، پیپلزپارٹی کی حکومت بنائیں، آمدنی دگنی کرکے دکھاؤں گا۔

انھوں نے ایک بار پھر کہا کہ 30 لاکھ گھر بنا کر دوں گا، سندھ میں گھروں کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے، 300 یونٹ مفت بجلی دلوانے کا وعدہ پورا کروں گا، عوام کو بلاسود قرض فراہم کریں گے، میرا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ غربت کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے، کسانوں کو کھاد کے لیے مالی امداد فراہم کریں گے، مزدور اور کسان کارڈ دلوائیں گے، بھٹو کا نواسہ ہوں بتایا گیا طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو یوتھ کارڈ دلوائیں گے، ہر ضلع میں یوتھ کا مرکز بنائیں گے، سندھ کے ہر ضلع میں مفت علاج کے اسپتال بنائیں۔

بلاول نے کارکنوں کو مخاطب کرکے کہا کہ آپ کا مشکور ہوں کہ سرد موسم میں یہاں موجود ہیں، دسمبرسے الیکشن مہم چلا رہا ہوں، ملک کے مختلف شہروں میں ورکرزکنونش کیے، میں آج آپ سے ووٹ مانگنے آیا ہوں۔

’نوازشریف آئی جے آئی والی سیاست کر رہے ہیں‘

بلاول بھٹو زراری کا کہنا ہے کہ پر امید ہیں کہ حکومت ہم بنائیں گے، پیپلزپارٹی آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر حکومت بنائے گی، آزاد امیدواروں کے ساتھ مل کر 172 نشستیں حاصل کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ ن لیگ پرانی سیاست کررہی ہے، پرانی سیاست پر ن لیگ یا پی ٹی آئی کا ساتھ نہیں دے سکتا، ’نوازشریف آئی جےآئی والی سیاست کررہے ہیں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ دور میں اپوزیشن کو مشکل میں ڈالا گیا، یہ لوگ دل میں بغض رکھتے ہیں۔ زرداری دور میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں تھا، آصف زرداری اور میری پالیسی میں فرق نہیں ہے۔

Pakistan Politics

Election 2024

انتخابات 2024