Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

عائشہ سے ثانیہ اور پھر ثناء: کیا یہ شعیب ملک کی تیسری شادی ہے؟

ثناء شعیب کی نئی شادی پرعائشہ صدیقی کا قصہ پھر تازہ
شائع 20 جنوری 2024 03:50pm
تصویر: فائل فوٹو
تصویر: فائل فوٹو

پاکستان اور بھارت میں اس وقت سابق کرکٹ کپتان اور آل راؤنڈر شعیب ملک کی اداکارہ ثناء جاوید سے شادی کی خبریں وائرل ہیں، میڈیا میں اسے کرکٹر کی دوسری شادی کہا جارہا ہے لیکن بھارتی میڈیا کے دعویٰ کے مطابق یہ شعیب کی تیسری شادی ہے۔

چند روز قبل شعیب ملک اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی طلاق کی افواہیں ایک بار پھر اس وقت سامنے آئیں جب ثانیہ مرزا نے اس حوالے سے ایک معنی خیر پوسٹ شیئرکی۔

سابق بھارتی ٹینس اسٹار کا کہنا تھا کہ جو چیز آپکے دل کو تکلیف پہنچائے اس سے دوری اختیار کر لینی چاہیے۔

انسٹا اسٹوری میں ثانیہ کی شیئر کی جانے والی اس پوسٹ کا لُب لباب یہ تھا کہ شادی اور طلاق دونوں مشکل کام ہیں، اس لیے ان میں سے کسی ایک کا انتخاب دانشمندی سے کرناچاہئے۔

شعیب کے ماضی سے واقفیت رکھنے والے جانتے ہوں گے لیکن جنہیں نہیں پتہ، انہیں بتاتے چلیں کہ 41 سالہ شعیب ملک کی یہ تیسری شادی کس طرح ہے۔

عائشہ صدیقی

بھارتی میڈیا پر اس خبرکے بےانتہا چرچے ہوئے تھے جب 2010 میں شعیب اورثانیہ کی شادی سے قبل بھارت کے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی عائشہ صدیقی نامی لڑکی نے دعویٰ کیا تھا کہ شعیب اور ان کی شادی 2002 میں ہوچکی ہے۔ تاہم کرکٹر نے ان تمام الزامات سے انکار کیا تھا.

شعیب ملک کے خلاف دھوکہ دہی کی شکایت درج کروانے والی عائشہ جو ماہا صدیقی کے نام سے بھی جانی جاتی ہیں اور پیشے کے اعتبار سے ٹیچرہیں۔ ثبوت کے طورپرشعیب سے اپنی شادی کے ویڈیو کلپس دِکھائے تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ثانیہ سے شادی سے چند روز قبل شعیب نے اپریل 2010 میں عائشہ کو طلاق دے دی تھی، اس معاملے پر 10 سے زائد افراد نے ثالث کا کردار ادا کیا اور عائشہ کو 15 کروڑ روپے بھی دیے گئے تھے۔

ثانیہ مرزا

شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے 12 اپریل 2010 کو حیدرآباد کے تاج کرشنا ہوٹل میں روایتی حیدرآبادی طریقے سے شادی کی تھی۔ جس کے بعد پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں ولیمہ کی تقریب کا انعقاد کیا تھا۔ شادی کے آٹھ سال بعد 2018 میں بھارتی شہرحیدرآباد میں ان کے بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی تھی۔

اس جوڑے کے مابین اختلافات اور پھر طلاق کی خبریں دسمبر 2022 سے وائرل ہیں، دونوں کی جانب سے کبھی واضح تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔ شعیب کی 2023 میں ثناء جاوید کو ڈیٹ کرنے کی افواہیں بھی زیرِ گردش رہیں جنہوں نے اس وقت مزید شدت اختیار کی جب شعیب نے سوشل میڈیا پر ثناء کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔

شعیب اور ثانیہ نے اپنے اپنے سوشل میڈیا پروفائلز سے ایک ساتھ اپنی تصاویر بھی ہٹاتے ہوئے بائیو بھی تبدیل کردی۔ اس سے قبل شعیب کے انسٹاگرام بائیو میں لکھا تھا، ’سپروومن ثانیہ مرزا کے شوہر‘ جسے تبدیل کرکے ’فادر ٹو ون ٹرو بلیسنگ‘ کر دیا گیا۔

تاہم یہ افواہیں اس وقت دم توڑ گئی تھیں جب شعیب اور ثانیہ نے اپنے بیٹے کی سالگرہ دبئی میں ایک ساتھ منعقد کی اور دبئی سے ہی ’مرزا ملک‘ نامی ٹی وی شو کی میزبانی بھی کی۔

تاہم تازہ ترین رپورٹس کے مطابق ثانیہ مرزا اور شعیب کی طلاق ہو چکی ہے۔ ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’یہ خلع ہے‘۔ یعنی ثانیہ نے شوہر سے علیحدگی اختیار کرنے کا اسلام میں دیا گیا اپنا حق استعمال کیا ہے۔

ثناء جاوید

شعیب ملک نے آج صبح معروف پاکستانی اداکارہ ثناء جاوید کے ساتھ شادی کی تصویریں سوشل میڈیا پلیٹ فارمزانسٹاگرام پر شیئر کرکے سب کو حیران کردیا۔

آج 20 جنوری 2024 کو منظرعام پر لائی جانے والی یہ شادی چند روز قبل سرانجام پائی تھی کیونکہ شعیب ملک اس وقت پریمیئر لیگ کیلئے بنگلہ دیش میں موجود ہیں۔ لیگ میں فورچون باریسل کی نمائندگی کرنے والے شعیب جمعہ 19 جنوری کو وہاں پہنچے۔

واضح رہے کہ یہ ثناء کی دوسری شادی ہے۔

اس سے قبل ثناء اور گلوکار عمیرجسوال اکتوبر 2020 میں رشتہ ازدواج میں بندھے تھے۔ اس جوڑے کے درمیان علیحدگی کی افواہیں اس وقت سرگرم ہوئیں جب دونوں نے نکاح کی تصاویر اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے ہٹائی تھیں۔ تاہم اس جوڑے نے بھی علیحدگی سے متعلق کوئی تصدیق نہیں کی تھی۔

آج صبح شعیب نے اپنی شادی کی خبر فالوورز کے ساتھ شیئر کرتے ہوئے ثناء کے ساتھ تصاویر شیئر کیں تو دوسری جانب اداکارہ نے بھی انسٹاگرام پر اپنا نام تبدیل کرتے ہوئے ’ثناء شعیب ملک‘ رکھ لیا۔

Shoaib Malik

Sania Mirza

sana javed

Shoaib Malik Sana Javed Marriage