پی ٹی وی اسپورٹس نے میچ میں عمران خان کا پوسٹر سینسر کر دیا، پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کی تصویر اسکرین پر چلنے کے بعد پاکستان ٹیلی ویژن پر براہ راست کرکٹ نشریات روک دی گئی تھی۔
پی ٹی آئی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر پاک نیوزی لینڈ چوتھے ٹی 20 میچ کو دکھانے والے پی ٹی وی اسپورٹس کا مختصر ویڈیو کلپ پوسٹ کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک تماشائی نے عمران خان کا پوسٹر اٹھا رکھا ہے جس پر ’لیجنڈز کا لیجنڈ‘ لکھا ہوا ہے۔
بانی پی ٹی آئی کا پوسٹر والا سین ناظرین نے چند لمحے دیکھا لیکن اس کے بعد اسکرین پر اچانک پی ٹی وی کا لوگو آگیا۔
پی ٹی آئی نے کلپ پوسٹ کرنے کے ساتھ لکھا کہ پی ٹی وی اسپورٹس نے اچانک کرکٹ میچ کی اسٹریمنگ اس لئے بند کی کہ اسکرین پر عمران خان کا پوسٹر دکھایا جا رہا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے بھی متعلقہ ویڈیو کلپ ”ایکس“ پر پوسٹ کیا۔
تیمور سلیم نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’گیم تو آن ہے‘۔ تاہم انھوں نے سوال بھی اٹھایا کہ ’کیا پی ٹی وی کرکٹ میچ میں عمران خان کی ایک بھی پوسٹر برداشت نہیں کر سکتا؟
انھوں نے مزید لکھا کہ’ یہ 2024 ہے، یہ وہ ہتھکنڈے ہیں جو پوری قوم کو عمران خان کی پشت پناہی میں ڈال رہے ہیں۔
.
Comments are closed on this story.