Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

’اسرائیل کی سلامتی فلسطینیوں کی قیمت پر نامنظور‘ ، شہزادی ریما

فلسطینیوں کی خود مختار ریاست کے قیام تک مشرق وسطیٰ میں امن ممکن نہیں، امریکا میں سعودی سفیر کی گفتگو
شائع 19 جنوری 2024 10:45am

سعودی عرب نے کہا ہے کہ آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام تک مشرقِ وسطیٰ میں امن کا قیام ممکن نہیں۔

سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے دوران ایک پینل ڈسکش کے دوران امریکا میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان نے کہا کہ سعودی عرب کو 7 اکتوبر کے حملوں کے بعد سلامتی کے حوالے سے اسرائیل کی سوچ کا پوری طرح احساس ہے۔

شہزادی ریما نے کہا کہ سلامتی کے حوالے سے اسرائیل کی تشویش اپنی جگہ تاہم یہ نکتہ ذہن نشین رہنا چاہیے کہ فلسطینیوں کی آزاد و خود مختار ریاست کے قیام تک اسرائیل کی سلامتی کو لاحق خطرات بھی دور نہیں کیے جاسکتے۔ اسرائیل کی سلامتی فلسطینیوں کی زندگی داؤ پر لگاکر ممکن نہیں بنائی جاسکتی ہے۔ اس وقت جنگ بندی کی فوری ضرورت ہے۔

امریکا میں سعودی سفیر نے مزید کہا ابھی اور کتنے بچے جان سے ہاتھ دھوئیں گے، مزید کتنے لوگ معذور ہوں گے؟ یہ سب کچھ مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ سعودی حکومت ہر سطح پر اور ہر طرف تشدد کی مذمت کرتی ہے۔

شہزادی ریما نے کہا کہ سعودی عرب نے آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کو ہمیشہ اپنی اہم ذمہ داری تصور کیا ہے۔ فلسطینیوں کی اپنی ریاست ہونی ہی چاہیے۔

پینل ڈسکشن میں سعودی کابینہ کے ارکان عدیل الجبیر، محمد الجدان اور فیصل علی براہیم نے بھی حصہ لیا اور مختلف علاقائی اور عالمی امور پر اظہارِ خیال کیا۔

Davos

PENAL DISCUSSION

SAUDI AMBASSADOR TO USA

PRINCESS REEMA