Aaj News

منگل, نومبر 05, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

حالیہ حادثے کے باوجود بوئنگ 737 میکس 9 کا بڑا آرڈر

22 طیاروں کی حامل بھارت کی اکاسا ایئر 150 طیاروں سے بین الاقوامی آپریشن وسیع کرنا چاہتی ہے
شائع 18 جنوری 2024 12:01pm

بھارت کی فضائی کمپنی اکاسا ایئر نے 150 بوئنگ 737 میکس طیاروں کا آرڈر دیا ہے۔ اس آرڈر کے ذریعے ایئر لائن اندرونِ ملک پروازوں کا دائرہ بڑھانے کے ساتھ ساتھ بیرونی پروازوں کی گنجائش بھی بڑھانا چاہتی ہے۔

حال ہی میں امریکا میں پرواز کے دوران الاسکا ایئر لائنز کے بوئنگ 737 میکس 9 طیارے کا دروازہ اکھڑ گیا تھا۔ ایسے میں بوئنگ کمپنی کے لیے اسی طیارے کا اتنا بڑا آرڈر حیرت انگیز ہے۔ کچھ دن قبل رونما ہونے والے حادثے کے باوجود اتنے بڑے آرڈر کا ملنا بوئنگ کے مورال میں غیر معمولی اضافے کا ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔

اکاسا ایئر نے جمعرات کو اعلان کیا کہ وہ قدرے تنگ باڈی کے 150 بوئنگ 737 میکس طیارے خریدنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اکاسا ایئر نے یہ اعلان بھارت کے جنوبی شہر حیدر آباد (دکن) میں ”ونگز انڈیا“ شو کے دوران کیا۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ بھارتی ایئر لائنز بوئنگ 737 میکس 9 طیارے استعمال نہیں کرتیں۔ یہ بات ابھی واضح نہیں کہ اکاسا ایئر کے آرڈر میں بوئنگ 737 میکس 9 طیارے بھی شامل ہیں یا نہیں۔

واضح رہے کہ کورونا کی وبا کے بعد اب دنیا بھر میں ٹریول انڈسٹری تیزی سے فروغ پارہی ہے۔ دنیا بھر کی ایئر لائنز اپنے فلائٹ آپریشنز کو وسعت دینے کے لیے بڑے پیمانے پر طیاروں کے آرڈرز دے رہی ہیں۔

اکاسا ایئر ایس این وی ایوی ایشن پرائیویٹ لمٹیڈ کا برانڈ ہے۔ کم لاگت والی اس ایئر لائن کا صدر دفتر بھارت کے تجارتی دارالحکومت ممبئی میں ہے۔ یہ ایئر لائن دسمبر 2021 میں راکیش جھن جھن والا، ونے دوبے اور آدتیہ گھوش نے مل کر قائم کی تھی۔ راکیش جھن جھن والا کا شیئر 46 فیصد ہے۔ اکاسا ایئر نے 7 اگست 2022 کو فلائٹ آپریشن شروع کیا تھا۔ اس ایئر لائن کا موجودہ بیڑا 22 طیاروں کا ہے۔ یہ ایئر لائن 16 مقامات کے لیے پروازیں آپریٹ کرتی ہے۔

Alaska Airlines

Boeing 737 Max 9

AKASA AIR

EXPANDED FLIGHT OPERATIONS