Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

دوسری بہو کے آنے سے سب کو جواب ملیں گے ، صبا فیصل

اداکارہ نےدوسرے بیٹے کی شادی کے بعد ماضی میں بڑی بہو سے تنازعات کی وجوہات سے پردہ اٹھادیا۔
شائع 18 جنوری 2024 10:13am
تصویر: فائل فوٹو
تصویر: فائل فوٹو

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ صبا فیصل نےدوسرے بیٹے کی شادی کے بعد ماضی میں اپنی بڑی بہو نیہا سلمان سے تنازعات کی وجوہات سے پردہ اٹھادیا۔

سوشل میڈیا پر صبا فیصل کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں وہ بطورِ ساس اپنے تجربے پر گفتگو کر رہی ہیں۔

یہ وائرل کلپ صبا فیصل کے ایک انٹرویو کا ہے جس میں انہوں نے اپنی دونوں بہوؤں سے تعلقات سمیت گھریلو زندگی پر گفتگو کی۔

میزبان نے جب صبا فیصل سے اصل زندگی میں ساس بننے کے تجربے سے متعلق سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ ’وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے لیکن میں اب بہت خوش ہوں الحمداللہ۔ اب دوسری بہو آئی ہے تو میرے خیال میں اس ڈھکے چھپے کے بڑے جواب ملیں گے سب کو‘۔

انہوں نے اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’زندگی میں جب کسی بھی رشتے کا پہلا تجربہ ہوتا ہے تو کسی کو اس رشتے میں چیزوں کی سمجھ نہیں آرہی ہوتی ہے۔ میں بھی پہلی دفعہ ساس بنی تھی۔ میری بہو بھی پہلی دفعہ کسی گھر میں آئی تھی تو کچھ چیزیں ایسی ہوجاتی ہیں‘۔

صبا فیصل کا کہنا تھا کہ ’کبھی بھی کسی ایک کی غلطی نہیں ہوتی، لیکن سوشل میڈیا کا استعمال ان چیزوں میں بہت غلط ہے۔ ہر گھر میں اس طرح کے مسائل چل رہے ہوتے ہیں، ہم لوگ چونکہ سیلیبریٹیز ہوتے ہیں اس لیے ہماری چیزیں ہائی لائٹ ہوتی ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ ’لیکن اس چیز کو ہماری بہت زیادہ منفی انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ ہماری یہ چیزیں بہت زیادہ ہائی لائٹ کی جاتی ہیں‘۔

حال ہی میں صبا فیصل کے دوسرے بیٹے ارسلان فیصل رشتہ ازدواج میں بندھے تھے جن کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی تھیں۔

صبا فیصل ایک انتہائی باصلاحیت اور تجربہ کار پاکستانی ٹیلی ویژن اداکارہ ہیں۔ انہوں نے پی ٹی وی نیوز کاسٹر اور اناؤنسر کی حیثیت سے شہرت حاصل کی۔

کچھ ہی عرصے بعد صبا فیصل نے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا اوراداکاری میں اپنا نمایاں نام بنایا۔

صبا فیصل کی اداکاری کی صلاحیتوں کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جاتا ہے اور انہیں بہترین اداکاراؤں میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔

Instagram

Viral Video

lifestyle

شخصیات

Relationship

Saba Faisal

Mother in law

Daughter in law

showbiz celebrities

Neha Salman