Aaj News

جمعہ, ستمبر 20, 2024  
15 Rabi ul Awal 1446  

الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے بینرز ہٹا دیئے

امیدواروں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تشہیری ہورڈنگز لگائے تھے، ترجمان
شائع 17 جنوری 2024 06:59pm
فوٹو۔۔۔ ٹوئٹر
فوٹو۔۔۔ ٹوئٹر

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ پشاور میں الیکشن کمیشن نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بینرز ہٹا دیئے۔

الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیم نے رنگ روڈ پشاور پر کارروائی کرتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی والا تشہیری مواد ہٹا دیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ”ایکس“ پر اپنی پوسٹ میں اوور ہیڈ برج پر لگے بڑے بینرز کی تصویر شیئر کی اور ساتھ ہی ایک دوسری تصویر بھی لگائی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیم نے کارروائی کے بعد بڑا بینرز اتار دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے ترجمان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ امیدواروں کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تشہیری ہورڈنگز لگائے گئے تھے۔ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اور مانیٹرنگ ٹیم نے امیدواران کا تشہیری مواد ہٹا دیا۔

واضح رہے کہ 24 دسمبر کو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کیلئے بینرز چھاپنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ہدایت نامہ کے مطابق مقررہ سائز سے بڑے پوسٹرز، پمفلٹ یا بینرز کی اجازت نہیں ہوگی، پوسٹرز کی لمبائی 18 انچ اور چوڑائی 23 انچ سے زیادہ نہ ہو، ہینڈ بل، پمفلٹ اور کتابچے 9 انچ لمبے اور 6 انچ چوڑے ہوسکتے ہیں۔

ہدایت نامہ میں مزید کہا گیا تھا کہ بینرز 3 فٹ لمبا اور 9 انچ سے زیادہ بڑا نہیں ہونا چاہیے۔ پورٹریٹ تصویر 2 فٹ لمبی اور 3 فٹ چوڑی ہوسکتی ہے۔

ہر اشتہاری مواد پر پبلشر کا نام اور پتہ لکھنا لازمی ہے، قرآنی آیات سمیت مذہبی مواد کی طباعت غیرقانونی ہے۔

Pakistan Politics

Election Commission of Pakistan (ECP)

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Election 2024

انتخابات 2024