Aaj News

پیر, نومبر 04, 2024  
02 Jumada Al-Awwal 1446  

تیونس میں کشتی ڈوبنے سے 40 غیر قانونی تارکینِ وطن کی ہلاکت کا خدشہ

گزشتہ برس تیونس کے حکام نے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے 70 ہزار تارکین وطن کو روکا تھا
اپ ڈیٹ 17 جنوری 2024 09:28am

تیونس کے ساحل کے نزدیک غیر قانونی تارکین کی کشتی ڈوبنے سے 40 افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔

چینی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ حادثہ تیونس کے جنوب مشرقی ساحل پر رونما ہوا۔ نیونیشین نیشنل گارڈ نے ایک بیان میں بتایا کہ 10 جنوری کی رات 40 تارکین وطن کشتی میں سوار ہوکر ایس فیکس کے ساحل سے روانہ ہوئے تھے۔ یہ لوگ بحیرہ روم عبور کرکے اٹلی میں داخل ہونا چاہتے تھے۔

متاثرہ خاندانوں نے اپنے پیاروں سے رابطہ منقطع ہو جانے کے بارے میں مقامی حکام کو بتایا تھا۔ کشتی ڈوبنے سے لاپتا ہونے والے غیر قانونی تارکین وطن کی تلاش جاری ہے۔

یورپ جانے والے غیر قانونی تارکین وطن کے لیے تیونس ایک اچھا انٹری پوائنٹ ہے۔ تیونس کی حکومت کے سخت اقدامات کے باوجود تیونس کے پانیوں سے گزر کر غیر قانونی طور پر یورپ جانے کے لوگوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔

تیونس کے حکام نے بتایا ہے کہ 2023 میں کم و بیش 70 ہزار غیر قانونی تارکین وطن کو روکا گیا تھا۔ ان میں تیونس کے باشندوں کا تناسب 22 فیصد تھا۔

2022 میں جن لوگوں کو غیر قانونی طور پر یورپ جانے سے روکا گیا تھا یہ اُس سے دگنی تعداد ہے۔ تب 39 فیصد تیونسی تھے۔

تیونس کے علاوہ لیبیا کے ذریعے بھی ہر سال ہزاروں افراد غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس کوشش میں بہت بڑی تعداد میں ہلاکتیں بھی واقع ہوتی ہیں تاہم اس کے باوجود غیر قانونی طور پر ترکِ وطن کرنے والوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔

Libya

TUNISIA

Illegal immigrants

boat capsized

ENTRY POINTS TO EUROPE