Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

سربراہ پاک فضائیہ سے امریکی سفیر کی ملاقات، عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق

پاکستان، امریکا سے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، ائیر چیف مارشل
شائع 16 جنوری 2024 06:28pm
تصویر بذریعہ مصنف
تصویر بذریعہ مصنف

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ جس میں دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین مشترکہ فضائی مشقوں کے ذریعے تعاون اور تربیتی شعبے کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف مارشل ظہیر احمد سدھو اور امریکی سفیر نے پاک فضائیہ اور امریکی فضائیہ کے مابین تربیتی شعبے کے فروغ کے لیے تکنیکی صلاحیتوں اور وفود کے تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

ملاقات میں پاک فضائیہ کی جانب سے حال ہی میں قائم کردہ ٹیکنو پارکس میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی، جس میں آپریشنل تیاریوں اور کارکردگی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے تکنیکی ترقی کو بروئے کار لانے پر اتفاق کیا گیا۔

اہم بیٹھک میں باہمی تعلقات کو تقویت دے کر مشترکہ منصوبوں اور تزویراتی شراکت داری کے لیے باہمی تعاون کے دائرہ کار کی تنظیم نو اور اس امر کے لیے نئی راہیں استوار کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ائیر چیف نے پاکستان اور امریکا کے مابین پہلے سے موجود خوشگوار تعلقات کا احاطہ کرتے ہوئے دونوں اتحادی ممالک کے درمیان پہلے سے موجود ہم آہنگی اور شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے کہا کہ ’پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے مضبوط سفارتی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو علاقائی امن، سلامتی اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں باہمی اتفاق رائے پر قائم ہیں۔‘

امریکی سفیر نے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی اور موجودہ قیادت کے زیر سایہ پاک فضائیہ کی جانب سے خود انحصاری کے میدان میں کی گئی نمایاں پیش رفت کو سراہا۔

امریکی سفیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کی بھی تعریف کی۔

فریقین نے تربیتی شعبے کی بہتری اور آپریشنل صلاحیتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ مرکوز رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین موجودہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔

سربراہ پاک فضائیہ اور امریکی سفیر کے مابین یہ ملاقات دیرینہ دوطرفہ تزویراتی تعلقات اور دفاعی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے میں دونوں فریقین کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

PAF

air cheif marshal

Zaheer Ahmed Baber Sidhu

Donald Bloom

Pakistan US relations