Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اتنی دیر؟ مسافروں نے رن وے کو ڈائننگ ہال اور آرام گاہ بنالیا

ایک شہر سے دوسرے کیلئے پرواز تقریباً 24 گھنٹوں میں پہنچی
اپ ڈیٹ 16 جنوری 2024 01:06pm
اسکرین گریب: انڈیا ٹوڈے
اسکرین گریب: انڈیا ٹوڈے

بھارت میں طیارے بیچ سڑک پرپُل کے نیچے پھنسے نظر آسکتے ہیں تو پھر رن وے کو بھی ڈائننگ ہال میں تبدیل کرنا کیا مشکل ہے۔

نئی دہلی میں پرواز میں تاخیر پرانڈیگو کی ایک پرواز کے معاون پائلٹ پر مسافر کے حملے کا کلپ وائرل ہونے کے کچھ گھنٹوں بعد سوشل میڈیا پر ایک اور ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں اسی ائر لائن کے مسافروں کو رن وے پر رات کا کھانا کھاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ایکس پر متعدد صارفین نے دعویٰ کیا کہ 14 جنوری کو گوا سے دہلی جانے والی انڈیگو کی پرواز تقریباً 18 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی اور بعد میں اسے ممبئی کی طرف موڑ دیا گیا۔

تاخیر سے مایوس ہوکر 6 ای 2195 پرواز کے مسافروں نے آرام کرنے اوررات کا کھانا کھانے کے لیے رن وے پر انڈیگو طیارے کی بغل میں قیام کا فیصلہ کیا۔

ایکس پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں کچھ مسافروں کو کھانا کھاتے اور دیگر کو رن وے پر آرام کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اس پرواز کو دہلی سے 14 جنوری (اتوار) کی صبح تقریبا 9:15 بجے روانہ ہونا تھا، لیکن شام کو اڑان بھری اور 15 جنوری (پیر) کو صبح 5:12 بجے ممبئی پہنچی۔

بعد ازاں ائرلائنز نےاس حوالے سے کہا کہ ’ہم اس تکلیف پر معذرت خواہ ہیں اور آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ ہمارا مسافروں کے سفری منصوبوں میں خلل ڈالنے کا کبھی ارادہ نہیں رہا، تاہم بعض اوقات بعض آپریشنل وجوہات کی بنا پر اس طرح کی تاخیر ائرلائن کے کنٹرول سے باہر ہوتی ہے۔‘

انڈیگو کے مطابق دہلی میں کم حد نگاہ کی وجہ سے پرواز کا رخ ممبئی کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔ ہم اپنے صارفین سے خلوص دل سے معافی مانگتے ہیں اور فی الحال اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

ایک اور ویڈیو میں مسافروں کو تاخیر پر گراؤنڈ اسٹاف کے ساتھ بحث کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ائرپورٹ جہاں یہ واقعہ پیش آیا، نے ایک وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پرواز ”ناسازگار موسمی حالات“ کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوئی۔

گوا میں پرواز میں پہلے ہی کافی تاخیر ہو چکی تھی، اس لیے مسافر مشتعل ہو گئے اور سیڑھی جوڑتے ہی طیارے سے باہر نکل آئے۔ مسافروں کو ائر لائن حکام اور سیکیورٹی کی کڑی نگرانی میں رکھا گیا ہے جب تک کہ مزید کارروائی نہیں کی جاتی۔

حالیہ واقعہ نے انڈیگو ائرلائنز کے خلاف شکایات کی تعداد میں بڑا اضافہ کیا ہے، مسافروں نے ٹیک آف اور لینڈنگ میں مسلسل تاخیر پر سوشل میڈیا پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا۔

اس سے قبل ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں دہلی سے گوا جانے والی انڈیگو کی پرواز میں سوار مسافر کو طیارے کے پائلٹ کو اس وقت تھپڑ مارتے ہوئے دکھایا گیا تھا جب وہ تاخیر سے متعلق اعلان کر رہا تھا۔

ملزم، جسے فوری طور پر پرواز سے اتار دیا گیا تھا، بعد میں گرفتار کر لیا گیا تاہم اس نے اپنے اقدام کی معافی مانگ لی تھی۔

passengers

indigo

flight delay

dehli

dining

Flight