Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی : بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں 2 بھائیوں کا قتل، لواحقین کا حب ریور روڈ بند کرکے احتجاج

پیپلزپارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل اور اے این پی کےرہنما شاہی سید بھی احتجاج میں پہنچے
شائع 15 جنوری 2024 09:52pm
کراچی : دو بھائیوں کے قتل کیخلاف حب ریور روڈ پر احتجاج، پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل، اے این پی کے شاہی سید بھی احتجاج میں پہنچے۔ تصویر بذریعہ مصنف
کراچی : دو بھائیوں کے قتل کیخلاف حب ریور روڈ پر احتجاج، پیپلزپارٹی کے قادر مندوخیل، اے این پی کے شاہی سید بھی احتجاج میں پہنچے۔ تصویر بذریعہ مصنف

کراچی میں بلدیہ اتحاد ٹاؤن میں گزشتہ رات فائرنگ سے دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔ لواحقین نے آج لاشیں سڑک پر رکھ کر حب ریور روڈ بند کیا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل اور اے این پی کے رہنما شاہی سید بھی احتجاج میں پہنچے۔

احتجاج کے شرکاء نے حب ریور روڈ کے دونوں ٹریک کو ٹریفک کے لیے بند کیا، اور سڑک پر آگ لگائی۔

احتجاج کے باعث حب ریور روڈ کئی گھنٹے تک بند رہا جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور شہریوں کا منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوا۔

مظاہرے کے وقت پیپلزپارٹی کے رہنما قادر خان مندوخیل اور اے این پی کے رہنما شاہی سید بھی پہنچے اور انھوں نے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

اتحاد ٹاؤن محمد خان چوکی کے قریب ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب جھگڑے میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دو سگے بھائیوں کی شناخت حسین اور فاروق کے ناموں سے ہوئی۔

پولیس کےمطابق معمولی تلخ کلامی پرجھگڑا شروع ہوا تھا اس دوران فائرنگ سے دو بھائی جاں بحق ہوئے، پولیس نے مقتولین کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے ایک ملزم منصور کو گرفتار کیا۔

پولیس اور مظاہرین کے درمیان مذاکرات کے بعد ورثا نے احتجاج ختم کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید چار ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

واقع کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی کیماڑی نے ابتدائی تحقیقات اور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنانے کے لئے ایس ڈی پی او سعید آباد سلمان وحید کی نگرانی میں ٹیم تشکیل دی۔

دوسری طرف کراچی کے علاقے مواچھ گوٹھ میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دسویں جماعت کے طالب علم کے قتل کے خلاف اہل علاقہ سڑکوں پر نکلے اور بلدیہ حب ریور روڈ پر احتجاج کیا۔

karachi

Murder

Karachi Police

Karachi Street Crimes