عمران خان کیخلاف توہین چیف الیکشن کمشنر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کاپی سامنے آگئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین چیف الیکشن کمشنر کیس میں فرد جرم عائد کرنے کی کاپی سامنے آگئی جبکہ فرد جرم عائد کرنے کی کاپی آج نیوز نے حاصل کرلی۔
سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین چیف الیکشن کمشنر کی سماعت ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے کی۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے سامنے فرد جرم پڑھ کر سنائی گئی۔
فرد جرم کے مطابق عمران خان نے 12 جولائی، 18 جولائی، 27 جولائی اور 13 اگست 2022 کو چیف الیکشن کمشنر کے بارے میں توہین آمیز الفاظ استعمال کیے، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کو اسکینڈلائز کرنے کی کوشش کی، ان کی تقریر کے الفاظ اور رویہ توہین آمیز تھا۔
فرد جرم میں کہا گیا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر کو نفرت، تضحیک اور حقارت کا نشانہ بنایا، آئین کے آرٹیکل 204، توہین عدالت آرڈیننس کے سیکشن 3 کے تحت توہین کے مرتکب ہوئے۔
فرد جرم کے مطابق عمران خان کی تقاریر کا ریکارڈ پیمرا سے حاصل کیا گیا، شواہد کی روشنی میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی چیف الیکشن کمشنر کی توہین کے مرتکب قرار پائے۔
فرد جرم میں مزید کہا گیا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے یہ تمام الزامات چارج شیٹ کیے جاتے ہیں، عمران خان کو فرد جرم کی کاپی بھی مہیا کی گئی۔
سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے فرد جرم کو غور سے سنا، عمران خان نے فرد جرم پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا، صحت جرم سے بھی انکار کیا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی پر 3 جنوری 2024 کو فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
عمران خان اور فواد چوہدری کیخلاف کیسز پر سماعت اڈیالہ جیل میں نہیں ہوگی
دوسری جانب توہین الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس کے معاملے پر سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف کیسز پر سماعت اڈیالہ جیل میں نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیسز کی سماعت کی کاز لسٹ جاری کر دی، دونوں کیسز کی سماعت الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں کل کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اور فواد چوہدری کے خلاف کیسز پر شواہد ریکارڈ کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے گئے جبکہ ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ سماعت کرے گا۔
Comments are closed on this story.