Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

غیر شرعی نکاح کیس: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم کی کارروائی کل تک مؤخر

عدالت نے وکلاء کی یقین دہانی پر بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی
شائع 15 جنوری 2024 06:34pm
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔ فائل

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے غیر شرعی نکاح کیس میں آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی جبکہ عدالت نے کارروائی کل تک مؤخر کردی۔

سینئر سول جج قدرت اللہ نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کی۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کی حاضری لگائی گئی جبکہ بشریٰ بی بی آج بھی پیش نہ ہوئیں۔

بشریٰ بی بی کے وکلاء کی جانب سے طبی بنیادوں پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جبکہ وکیل مدعی راجہ رضوان عباسی نے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی۔

وکیل رضوان عباسی نے کہا کہ آخری سماعت پر میڈیکل پیش کیا گیا نہ اس سماعت پر میڈیکل پیش کیا گیا، ملزمان کی جانب سے مقدمے کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا، استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جائے اور وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

وکیل صفائی عثمان گل نے کہا کہ آپ حکم دیں تو میڈیکل رپورٹ بھی پیش کردی جائے گی جبکہ دوران سماعت سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان روسٹرم پر آگئے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ مجھ سے بار بار پوچھتے ہیں لیکن مجھے نہیں معلوم بشریٰ بی بی کہاں ہیں، میرا بشریٰ بی بی سے کوئی رابطہ نہیں ہے، انہیں کہیں لینڈ لائن سے ہی مجھے ٹیلی فون کرنے دیں، میں ایک رات پہلے ہی سب ارینج کرلیا کروں گا۔

دوران سماعت وکلا صفائی کی جانب سے بشریٰ بی بی کی آئندہ سماعت پر حاضری کی یقین دہانی کرائی گئی۔

عدالت نے وکلاء کی یقین دہانی پر بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔

عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت منگل تک ملتوی کردی، غیر شرعی نکاح کیس میں کل ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

pti

اسلام آباد

imran khan

bushra bibi

district and session court

Nikah Case

khawar manika