مالدیپ کے صدر نے بھارتی فوج کو ملک سے نکلنے کیلئے ڈیڈ لائن دے دی
مالدیپ کے صدر نے بھارتی فوج کو ملک سے نکلنے کیلئے 15 مارچ کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے رواں سال اکتوبر میں عہدہ سنبھالنے کے بعد بھارتی فوج کو مالدیپ سے نکل جانے کا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں کشیدگی بڑھتی گئی اور بالآخر اب مالدیپ نے کہا ہے کہ بھارت مالدیپ کے علاقے سے بھارتی فوجیوں کو 15 مارچ تک واپس بُلالے۔
مالدیپ کے صدر کے سیکرٹری کا کہنا ہےکہ صدر محمد معیزو کی پالیسی کے تحت بھارتی فوجی مالدیپ میں نہیں رہ سکتے۔
ابتدائی طور پر بھارتی وزارت خارجہ نے اس خبر پر ابھی کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دونوں مالدیپ کے ایک وزیر کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی کے مالدیپ کے سیاحتی دورے کو جواز بناکر ان کے بارے میں توہین آمیز تبصرہ بھی کیا تھا۔ جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے تھے۔
یاد رہے کہ مالدیپ کےصدر معظم نے عہدہ سنبھالنے کے بعد بھارت کے ساتھ تعلقات کو کم کرنے اور چین کے ساتھ روابط بڑھانے کا اعلان کیا تھا۔
ڈاکٹر محمد معیزو نے کہا تھا کہ مالدیپ کی سرزمین پر کسی غیر ملکی فوج کو برداشت نہیں کریں گے۔ ہندوستانی فوجیوں کی موجودگی مالدیپ کو خطرے میں ڈال سکتی ہے۔
مالدیپ نے باضابطہ طور پر بھارت سے درخواست کی ہے کہ وہ ملک میں تعینات اپنے فوجی اہلکاروں کو واپس بلا لے۔
Comments are closed on this story.