Aaj News

منگل, دسمبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Akhirah 1446  

پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے پانچ روپے کمی کا امکان

عالمی منڈی میں تیل قیمتوں اور روپے کی قدر بہتر ہونے کے پیش نظر فیصلہ
اپ ڈیٹ 14 جنوری 2024 01:20pm

وفاقی حکومت جنوری کے باقی 15 دن کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان پیر کو کرنے والی ہے۔ اوگرا نے اس سلسلے میں تخمینہ تیار کر لیا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول کی قیمت میں ساڑھے پانچ روپے کی کمی ہو سکتی ہے۔

عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں گزشتہ کچھ عرصے میں زبردست کمی دیکھی گئی جبکہ رواں برس کے اغاز میں مجموعی طور پر تیل کی قیمتیں نیچے انے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ جنوری کے پہلے دو ہفتوں میں خام تیل برینٹ کی قیمت 75 ڈالر فی بیرل کے آس پاس رہی۔

حالیہ ہفتوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر بھی بڑھی ہے۔

یکم جنوری سے اب تک خام تیل کی قیمت میں ڈیڑھ ڈالر کی کمی ہوئی ہے جب کہ روپے کی قدر میں تین روپے کی بہتری آئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اس صورتحال میں پٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔

آئل اینڈ گیس اتھارٹی اوگرا نے پیٹرولیم قیمتوں کا تخمینہ تیار کر لیا ہے جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت فروخت میں 5.5 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ مٹی کے تیل کے نرخ میں3.29اور لائٹ ڈیزل کے نرخ میں1.75روپے فی لیٹر کمی متو قع ہے۔

البتہ ڈیزل کی قیمت میں کمی کا امکان نہیں۔

اگر حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اسی تناسب سے کمی کی تو پیٹرول کی قیمت 276.21 سے کم ہو کر 261.84 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔

مٹی کے تیل کی قیمت 188.83سے کم ہو کر 185.54روپے فی لیٹر ہو جائے گی جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت 165.75سے کم ہو کر 164روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔

petrol price

petroleum prices