Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

’امریکی ایجنٹوں کو جواب دیں‘، شیخ رشید کا ویڈیو پیغام میں شکوہ

شیخ رشید نے پی ٹی آئی کے خلاف شکایات کا انبار لگا دیا
اپ ڈیٹ 13 جنوری 2024 11:13pm

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جو شخص 17 بار وزیر رہا اسے بعض لوگوں نے ٹکٹ کے قابل نہیں سمجھا اور ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیا جو رات کی فلائٹ سے لندن اور امریکا سےآئے۔ اصولی آدمی ہوں، دوستی نبھاؤں گا۔ قلم دوات پر مہر لگا کرامریکی ایجنٹوں کو جواب دیں۔

گزشتہ روز عام انتخابات 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی واپس لینے والے شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی وی سائٹ ایکس پر کہا کہ موجودہ 7،6ماہ کی بڑی تکلیفوں کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ میں نے40 دن کا چلہ کاٹا،غاروں میں رہا اس لیے کہ ایک شخص کی فیملی، اہلیہ کےخلاف 164کابیان دوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے گھر توڑے گئے۔ خاندان کے فرد کے ساتھ زیادتی ہوئی لیکن میں نسلی اور اصلی تھا اس لیے ڈٹا رہا اور آج بھی ڈٹا ہوا ہوں، دکھ ہے کہ جو شخص 17 بار وزیر رہا اسے بعض لوگوں نے ٹکٹ کے قابل نہیں سمجھا اور ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیا جو رات کی فلائٹ سے لندن اور امریکا سےآئے۔

شیخ رشید نے نام نہ لیتے ہوئے واضح کیا کہ میں اپنی دوستی نبھاؤں گا، اصولی آدمی ہوں، سچ کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہا۔

قوم سے بات کہنا چاہتا ہوں کہ میں امتحان میں پاس ہوا، جھکا نہیں اب آپ کا امتحان ہے۔ آپ نے حلقہ این اے 56 سے قلم دوات پر مہر لگا کر ان امریکن ایجنٹوں اوران لوگوں کو جو رات میں امریکا کی فلائٹوں سے آکر ٹکٹ کر حقدار ٹھہرے، ان سب کو بتانا ہے کہ قوم زندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید جان دے دے گا، دوستی اور راولپنڈی پر حرف نہیں آنے دےگا۔

pti

Sheikh Rasheed