نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک منصوبے سے ملک کو متعدد فوائد حاصل ہوں گے، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این اے ایس ٹی پی ) کو بڑا قومی اور اسٹریٹجک اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ اس منصوبے سے ملک کو متعدد فوائد حاصل ہوں گے اور تکنیکی شعبے کی ترقی اور خود انحصاری کو فروغ ملے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک (این اے ایس ٹی پی) سلیکون کے دوسرے فیز کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
آرمی چیف سید عاصم منیر نے اس موقع پر ’این اے ایس ٹی پی‘ کو قومی اور اسٹریٹجک اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ اس منصوبے سے ملک کو متعدد فوائد حاصل ہوں گے کیونکہ اس منصوبے کے ذریعے تکنیکی ترقی کو فروغ ملے گا اور قوم کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا ہو گا جہاں نوجوان اور آنے والی نسلوں کے لیے تکنیکی شعبے میں خود انحصاری کو بھی فروغ ملے گا۔
آرمی چیف نے ’این اے ایس ٹی پی‘ منصوبے میں ایک اور سنگ میل عبور کرنے پر پاک فضائیہ، اس کی قیادت اور تکنیکی اہلکاروں کی کاؤشوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ نے ’ این اے ایس ٹی پی’ کو ملک کے بہترین ایرو اسپیس، سائبر اور آئی ٹی کے شعبے میں بہترین کلسٹرز میں سے ایک بننے اور ملک کے لیے زیادہ سے زیادہ سماجی، اقتصادی، سیکیورٹی اور سائنسی فوائد حاصل کرنے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے اس سے متعلق اپنے وژن کو آرمی چیف کے ساتھ شیئر کیا۔
انہوں نے اپنے وژن میں بتایا کہ یہ منصوبہ ابھرتی ہوئی اور تخریبی ٹیکنالوجیز کے لیے ڈیزائن، آر اینڈ ڈی اور جدت طرازی مراکز کے ساتھ قومی منظر نامے کو تبدیل کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
بعد ازاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کورہیڈ کوارٹرز کراچی کا بھی دورہ کیا، جہاں کور کمانڈر کراچی نے پاک فوج کے سپہ سالار کا خیرمقدم کیا اور انہیں کور کی آپریشنل تیاریوں،تربیتی اموراورفوجیوں اورشہداء کے خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
Comments are closed on this story.