Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

شہباز شریف نے کراچی سے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کردیا

سابق وزیر اعظم پنجاب میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں سے انتخابی میدان میں اتر رہے ہیں
اپ ڈیٹ 12 جنوری 2024 06:31pm

سابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کراچی سے الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ وہ این اے 242 سے دستبردار ہوگئے ہیں۔

شہبازشریف کو کراچی کے اس حلقے سے 4 روزقبل ہی الیکشن لڑنے کی اجازت ملی تھی۔

اسی حلقے سے پیپلز پارٹی کے امیدوار مسعودخان مندوخیل نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی پراعتراض دائر کیا تھا۔

اعتراض میں موقف اپنایا گیا تھا کہ لیگی رہنما نے کاغذات میں بطور وزیراعظم تنخواہ اورمراعات لینے کا ذکرنہیں کیا۔ شہباز شریف کی جانب سے بیرون ملک جائیداد، بیوی بچوں کو قرض دینے کا ذکرکیا گیا مگر منی ٹریل کا ذکرنہیں تھا۔

تاہم الیکشن ٹریبونل نے شہبازشریف کے کاغذات کی منظوری کیخلاف دائراپیل مسترد کرتے ہوئے ریٹرننگ افسر کے فیصلے کو برقراررکھا تھا۔

اس سے قبل میڈیا پر ایسی اطلاعات سامنے آرہی تھیں کہ ن لیگ اور ایم کیو ایم کے درمیان کراچی کے حلقہ این اے 242 پرسیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے اتفاق ہو گیا ہے اور مصطفیٰ کمال شہباز شریف کے حق میں دستبردار ہوگئے تھے۔

اس حوالے سے امین الحق کا بھی کہنا تھا کہ ایم کیو ایم وزارت عظمیٰ کیلئے نوازشریف کو سپورٹ کرے گی۔ وہ 8 فروری کے انتخابات کے بعد وزیراعظم ہوں گے اور ہم سندھ میں مشترکہ حکومت بنائیں گے۔

تاہم گزشتہ روز ترجمان ایم کیو ایم کا کہناتھا کہ بلدیہ ٹاؤن میں ن لیگ سے ایڈجسٹمنٹ نہیں ہوئی، مصطفیٰ کمال امیدوار ہوں گے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف این اے 130 سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

نواز شریف کا پارٹی ٹکٹ ریٹرننگ افسرکو جمع کرادیا گیا۔ نوازشریف کا ٹکٹ شہباز شریف کے دستخط سے جاری کیا گیا۔

مریم نواز این اے 119 اور پی پی159 (لاہور) سےالیکشن لڑیں گی جبکہ این اے118 سے حمزہ شہباز الیکشن میں حصہ لیں گے۔

این اے 120 سےایاز صادق،این اے121 سےشیخ روحیل اصغرامیدوار ہوں گے۔ این اے122 سےسعدرفیق، این اے 123 سے شہبازشریف الیکشن لڑیں گے۔ این اے124 سےرانا مبشراقبال، این اے125 سےمحمد افضل امیدوار ہوں گے۔

این اے126 سےسیف الملوک کھوکر، این اے127 سےعطاتارڑ، این اے139 سے محمد نعمان، این اے 130 سے نواز شریف الیکشن لڑیں گے۔ پی پی 147 سے حمزہ شہباز، پی پی148 سےمجتبیٰ شجاع الرحمن امیدوار ہوں گے۔