اتوار کو غزہ ملین مارچ ہوگا، حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہمیں سیاسی گہما گہمی میں فلسطینیوں کے معاملے کو پیچھے نہیں رکھنا چاہیے، اتوار کو غزہ ملین مارچ ہوگا۔
کراچی میں رویت ہلال کمیٹی کے سابق چیئرمین مفتی منیب الرحمٰن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اس وقت ملک میں انتخابات کی گہما گہمی ہے، ملک میں ٹکٹوں اور سیٹوں کی تقسیم ہورہی ہے، ایسا لگ رہا ہے لوگوں نے فلسطینیوں کوبھلا دیا ہے، چند ممالک کو چھوڑ کر کوئی مسئلہ فلسطین پر اپنا رول ادا نہیں کررہا۔
انہوں نے کہا کہ اتوار کو غزہ ملین مارچ میں کراچی کے عوام بڑی تعداد میں شریک ہوں گے، ہم سیاست کو عبادت سمجھ کر کرتے ہیں ، یہ مارچ کسی پارٹی کا نہیں، مارچ ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شخص کا ہے، سیاسی جماعتوں کے تمام ورکرز مارچ میں شریک ہو سکتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ جنوبی افریقا نے اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ کیا، حالانکہ یہ کام اسلامی ممالک کو کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے پاس اقتدار اور اختیار ہوتا تو عملی اقدامات بھی کرتے۔
مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا ہے کہ پوری انسانیت آج سراپا احتجاج ہے، اسلامی ممالک کو ہراول دستے کا کردار ادا کرنا چاہیے، ہم غزہ ملین مارچ کی مکمل تائید اور حمایت کرتے ہیں۔
Comments are closed on this story.