Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر لیگی رہنما دانیال عزیز کا بڑا اعلان

مسلم لیگ ن نے دانیال عزیز کو ٹکٹ کیوں نہیں دیا؟ اہم انکشاف
شائع 11 جنوری 2024 08:23am

پارٹی کی جانب سے انتخابی ٹکٹ نہ دیے جانے پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔

مسلم لیگ ن نے این اے 75 سے دانیال عزیز کو نظر انداز کرکے ان کی جگہ چوہدری انوارالحق کو ٹکٹ جاری کیا ہے۔

جس پر ردعمل دیتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ مجھے ٹکٹ نہیں ملا اس لیے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑوں گا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہا کہ مجھے مہنگائی سے متعلق گفتگو کرنے پر ن لیگ نے ٹکٹ سے محروم کیا، عوام کے قریب سب سے اہم مسئلہ مہنگائی ہے۔ مہنگائی سے متعلق جو گفتگو کی تھی درست تھی۔ مہنگائی کے خلاف میری لڑائی جاری رہے گی۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ الیکشن ضرور لڑوں گا، مہنگائی کا خاتمہ میرا مشن ہے۔ مہنگائی کے خلاف میری لڑائی جاری رہے گی۔

دانیال عزیز نے کہا کہ مہنگائی سے متعلق گفتگو کرنے پر ن لیگ نے ٹکٹ سے محروم کیا۔ احسن اقبال کا نام لینے پر شوکاز جاری کیا گیا تھا جس کا تفصیل سے جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نشست کیلئے میری اہلیہ کو بھی ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ پنجاب اسمبلی کیلئے میری اہلیہ آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں گی۔

واضح رہے کہ دانیال عزیز نے احسن اقبال پر تنقید کی تھی اور انہیں مہنگائی کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔ رہنما مسلم لیگ ن نے 16 ماہ کی حکومتی کارکردگی کا پوسٹ مارٹم کیا تھا۔ دانیال نے معاشی تباہی اور مہنگائی کا ذمہ دار پی ڈی ایم حکومت کو ٹھہرایا تھا۔

daniyal aziz

PAKISTAN MUSLIM LEAGUE (PMLN)

Distribution of party tickets

Party Ticket