شمالی وزیرستان اور تربت میں امیداوروں پر حملے، 3 جاں بحق، جھڑپ میں 2 فوجی شہید
شمالی وزیرستان میں فائرنگ سے صوبائی اسمبلی کے آزاد امیدوار ملک کلیم اللہ سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، تربت میں فائرنگ سے مسلم لیگ (ن) کے قومی اسمبلی کے امیدوار میر اسلم بلیدی شدید زخمی ہوگئے جبکہ لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے پاک فوج کے 2 جوان شہید جبکہ 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
لکی مروت میں دہشتگردوں سے جھڑپ میں پاک فوج کے 2 جوان شہید، 2 دہشتگرد ہلاک
لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے پاک فوج کے 2 جوان شہید جبکہ 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، اس دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
سپاہی محمد افضل اور سپاہی ابرار حسین نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا، جھڑپ کے دوران 2 دہشت گرد آفتاب ملنگ اور مسعود شاہ بھی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے، دہشت گرد معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولا بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
شمالی وزیرستان میں فائرنگ سے آزاد امیدوار ملک کلیم اللّٰہ سمیت 3 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضم قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 104 سے آزاد امیدوار ملک کلیم اللہ سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
شمالی وزیرستان کی تحصیل میران شاہ کے گاؤں تپی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق میرانشاہ میں میں فائرنگ سے جاں بحق افراد میں حلقہ پی کے 104 سے انتخابات میں حصہ لینے والے آزاد امیدوار بھی شامل ہیں، جاں بحق افراد کی شناخت ملک کلیم اللہ، مسرور اور محمد سخی کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملک کلیم اللہ اور ساتھیوں کے ہمراہ اپنے گھر واپس جا رہے تھے کہ راستے میں ان پر فائرنگ کی گئی، لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے میرانشاہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ملک کلیم اللہ نے پی کے 104 سے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
یاد رہے کہ ملک کلیم اللہ کچھ عرصے قبل ایک بم دھماکے میں زخمی بھی ہوئے تھے۔
تربت میں فائرنگ سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار اسلم بلیدی شدید زخمی
بلوچستان کے علاقے تربت میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے سابق صوبائی وزیر اور موجودہ مسلم لیگ (ن) کے قومی اسمبلی کے امیدوار میر اسلم بلیدی شدید زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سابق سینیٹر اور موجودہ این اے 258 سے قومی اسمبلی کے امیدوار قبائلی و سیاسی رہنماء میر اسلم بلیدی تربت میں میر عیسی خان پارک میں معمول کی چل قدمی (واک) کر رہے تھے کہ گاڑی سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے ان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ زخمی رہنماء کو فوری طور پر ٹیچنگ اسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق انہیں دو گولیاں لگی ہیں ایک کندھے پر اور دوسری ٹانگ پر خون زیادہ بہہ جانے سے ان کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔
واضح رہے کہ میر اسلم بلیدی سابق صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور احمد بلیدی کے تایا ہے اور وہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 258 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ہیں۔
دریں اثناء نگراں صوبائی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی اور انہیں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی محکمہ داخلہ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔
Comments are closed on this story.