لکی مروت میں دہشتگردوں سے جھڑپ میں پاک فوج کے 2 جوان شہید، 2 دہشتگرد ہلاک
لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے پاک فوج کے 2 جوان شہید جبکہ 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لکی مروت میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی، اس دوران فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا، دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔
سپاہی محمد افضل اور سپاہی ابرار حسین نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا، جھڑپ کے دوران 2 دہشت گرد آفتاب ملنگ اور مسعود شاہ بھی مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں سرگرم تھے، دہشت گرد معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم رہے جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولا بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے، سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
Comments are closed on this story.