Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

آئندہ نہیں ہوگا، اڑتے جہاز کا حصہ ٹوٹنے پر سی ای او کی معذرت

الاسکا ایئر لائن کے طیارے کا دروازہ پرواز کے دوران نکل جانے پر کوالٹی کنٹرول کا اشو کھڑ ا ہوگیا
اپ ڈیٹ 10 جنوری 2024 12:09pm
تصویر: روئٹرز
تصویر: روئٹرز

امریکا میں بوئنگ 737 میکس 9 کے حادثے پر بوئنگ کے سی ای او ڈیو کولھون نے معافی مانگتے ہوئے یقین دلایا ہے کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔

چند روز قبل الاسکا ایئر لائن کی ایک پرواز کے دوران طیارے کا دروازہ نکل گیا تھا۔ دروازے سے جڑی ہوئی نشست پر کوئی نہیں تھا اس لیے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پائلٹس نے ذہانت اور چابک دستی سے کام لیتے ہوئے پرواز کو کنٹرول کیا اور واپس اتار لیا۔ فوری لینڈنگ نہ ہو پانے کی صورت میں طیارہ تباہی سے دوچار بھی ہوسکتا تھا۔ یہ پرواز ٹورونٹو (کینیڈا) جارہی تھی۔

طیارہ ساز کمپنی کے سی ای او نے بورڈ کے ارکان اور ملازمین سے الگ الگ میٹنگ کے بعد اپنے پیغام میں کہا کہ ہم اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں۔ اب ایسی غلطی کبھی نہیں ہوگی۔ اس حادثے سے متعلق تمام پہلوئوں کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ ایسی بھی کسی بھی خرابی کا اعادہ روکا جاسکے۔

وہ اسمارٹ فون جو 16 ہزار فٹ کی بلندی پرجہاز سے گرکربھی محفوظ رہا

ڈیو کولھون نے بوئنگ کے تمام ملازمین کے نام پیغام میں کہا کہ کمپنی میں تیار کیے جانے والے ہر طیارے کو ہر اعتبار سے محفوظ بنانا تمام ملازمین کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس معاملے میں اصولوں پر سودے بازی نہیں ہوسکتی۔

الاسکا ایئر لائنز اور یونائٹیڈ ایئر لائنز نے تمام بوئنگ 737 میکس 9 طیاروں کو عارضی طور پر گرائونڈ کردیا ہے۔ دونوں ایئر لائنز کو طیاروں پر چند پرزے ڈھیلے ملے ہیں۔

بوئنگ کے سی ای او نے ایک الگ میٹنگ میں ملازمین سے کہا کہ ڈھیلے بولٹس کا معاملہ کوالٹی کنٹرول کا ہے۔ تمام معاملات کو چیک کیا جارہا ہے۔ تمام ملازمین سے کہا گیا ہے کہ کوالٹی کنٹرول کے معاملے میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جانی چاہیے۔ بوئنگ کے سربراہ نے طیارے کو بحفاظت لینڈ کرانے پر کاک پٹ کریو کی مہارت کو سراہا۔

اس حادثے کے بعد کی صورتِ حال کے نتیجے میں بوئنگ کے شیئرز کی قدر منگل کو 1.4 فیصد گری۔ یونائٹیڈ ایئر لائن نے 225 یومیہ پروازیں منسوخ کیں جو مجموعی پروازوں کا 8 فیصد ہیں۔ الاسکا ایئر لائنز نے 109 پروازیں منسوخ کیں جو تمام پروازوں کا 18 فیصد ہیں۔ مزید پروازیں بھی منسوخ کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ 2019 میں جب تمام بوئنگ میکس طیارے گرائونٹ کیے گئے تھے تب ڈیو کولھون بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن تھے۔ بوئنگ نے اپنے تمام اور سپلائرز کو ہدایت کی ہے کہ تمام طیاروں کو ہر اعتبار سے مکمل محفوظ بنانے کے معاملے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

United Airlines

Alaska Airlines

BOEING MAX 9 CRISIS

CEO DAVE CALHOUN

PLANES GROUNDED