Aaj News

ہفتہ, نومبر 16, 2024  
13 Jumada Al-Awwal 1446  

کراچی پولیس کے 82 افسران اور اہلکار معطل

کراچی پولیس چیف کی جرائم پر قابو پانے میں ناکامی اور تھانوں کی حدود میں جرائم کی سرپرستی کرنے پر کارروائی
شائع 10 جنوری 2024 08:40am
علامتی تصویر
علامتی تصویر

جرائم پیشہ افراد کی سرپرستی اور کرائم کنٹرول کرنے میں ناکامی پر کراچی پولیس کے متعدد افسران و اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔

کراچی پولیس کے چیف خادم حسین رند نے جرائم پر قابو پانے میں ناکامی اور اپنے تھانہ کی حدود میں جرائم کی سرپرستی کرنے پر ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ، ایس ایچ او سہراب گوٹھ، ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے کو معطل کردیا۔

علاوہ ازیں کراچی ریجن کے 15 ایس ایچ اوز کے خلاف محکمانہ انکوائری کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔

معطل ایس ڈی پی او سہراب گوٹھ ارشد جنجوعہ کو کراچی پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ معطل ایس ایچ او سہراب گوٹھ اشرف جوگی اور معطل ایس ایچ او سائٹ سپر ہائی وے اعجاز مسان کا پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن سسپینڈ کمپنی تبادلہ کردیا گیا ہے۔

جرائم کی سرپرستی کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر زون شرقی کے آٹھ ہیڈ محرر اور 21 اہلکار، زون غربی کے سات ہیڈ محرر اور 8 اہلکار جبکہ زون جنوبی کے ایک ہیڈ محرر اور گیارہ اہلکار معطل کیے گئے ہیں۔

کُل 82 پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کی گئی ہے، جن میں کراچی رینج کے تینوں زون کے ساتھ ساتھ سی آئی اے، ٹریفک، سیکیورٹی زون کے چھ اہلکاروں کی معطلی بھی شامل ہے۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے کراچی پولیس کے نام پیغام میں کہا ہے کہ جرائم کی پشت پناہی کرنے والے افسران و اہلکاروں کو اختیارات کے ناجائز استعمال پر سخت محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا اور فرض کی ادائیگی میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

Karachi Police

Officers Suspended