Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات الاٹ کردیے، پی ٹی آئی اور بلا غائب

انتخابی نشان ریٹرننگ افسران کو نہیں بھجوایا گیا، دیگر جماعتوں میں سے کس کو کونسا نشان ملا؟
اپ ڈیٹ 10 جنوری 2024 12:44am
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل
فوٹو۔۔۔۔۔۔۔ فائل

الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات کی تفصیل ریٹرننگ افسران کو بھجوادی۔

الیکشن کمیشن نے 8 فروری کو شیڈول عام انتخابات 2024 کے لیے سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات کی تفصیل آر اوز کو ارسال کردی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کا انتخابی نشان ریٹرننگ افسران کو نہیں بھجوایا گیا۔

145 سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات آر اوز کو بھجوائے گئے ہیں، مراسلے کے مطابق سیاسی جماعتوں کے امیدوار کو متعلقہ انتخابی نشان الاٹ کیا جائے، سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات آزاد امیدوار کو نہ دیے جائیں۔

12 سے زائد سیاسی جماعتوں کا نام انتخابی نشانات کی فہرست میں شامل نہیں، سیاسی جماعتوں کے نشانات انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے کے باعث روکے گئے۔

ریٹرننگ آفیسرز الیکشن کمیشن کی طرف سے دیے جانے والے انتخابی نشان 13 جنوری کو الاٹ کریں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو شیر، پاکستان پیپلزپارٹی کو تیر، استحکام پاکستان پارٹی کو عقاب اور پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کو بلے باز کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان کو پتنگ، مہاجر قومی موومنٹ کو موم بتی، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کو پگڑی اور پاکستان مسلم لیگ جناح کو سائیکل کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔

اسی طرح جمعیت علمائے اسلام پاکستان کو کتاب، بلوچستان نیشنل پارٹی کو کلہاڑی، جماعت اسلامی پاکستان کو ترازو، تحریک لبیک پاکستان کو کرین، خیبرپختونخوا ملی عوامی پارٹی کو درخت، بی این پی عوامی کو اونٹ، قومی وطن پارٹی کو چراغ، عوامی مسلم لیگ پاکستان کو قلم دوات اور پاکستان عوامی پارٹی کو انسانی آنکھ کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔

ECP

اسلام آباد

Election symbols

Election Commission of Pakistan (ECP)

Election Symbol

Election 2024

Election Jan 9 2024