Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

لیول پلیئنگ کی شکایات تمام جماعتوں کو ہے، ہمدردی کا ووٹ لینا چاہتی ہیں، نگران وزیر اطلاعات

برطانوی جریدے نے عمران خان کے گھوسٹ آرٹیکل کو متعدد بار دوبارہ پوسٹ کیا، مرتضیٰ سولنگی
اپ ڈیٹ 10 جنوری 2024 12:16am
Exclusive interview of Murtaza Solangi | 09 January 2024 | Spot Light | Aaj News

نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ لیول پلیئنگ کی شکایات تمام جماعتوں کو ہے، یہ ہمدردی کا ووٹ لینا چاہتی ہیں۔ نگراں حکومتوں سے شکایت ہے تو ضرور بیان کریں، ہم کسی کی حمایت یا مخالفت نہیں کرتے۔ برطانوی جریدے نے عمران خان کے گھوسٹ آرٹیکل کو متعدد بار دوبارہ پوسٹ کیا۔

آج نیوز کے پروگرام اسپاٹ لائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مرتضی سولنگی نے کہا کہ سب کو ہی لیول پلیئنگ فیلڈ سے متعلق شکایت ہے، ن لیگ، پی پی اور جے یو آئی نے بھی شکایت کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بھی اپنے دکھ سنا چکی ہے، سب مظلوم ہیں تو آپ اور میں ہی ظالم رہ گئے، یہ لوگ مظلومیت کے بیانیے سے ہمدردی کا ووٹ لینا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 80 فیصد کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں، شکایت اور تنقید کرنے کا حق کوئی نہیں چھین سکتا، شکایت کے ازالے کے فورمز موجود ہیں اور وہ استعمال ہورہے ہیں۔

برطانوی جریدے نے عمران خان کے گھوسٹ آرٹیکل کو متعدد بار دوبارہ پوسٹ کیا

بانی پی ٹی آئی اور ان کے برطانوی جریدے کو لکھے گئے مبینہ مضمون کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کسی دوسرے رہنما پر ریاست پر حملے کا الزام نہیں، بیرسٹر گوہر مضمون میں درج الزامات کا جواب نہیں دیتے۔ نومئی ، توشہ خانہ اور ایک سو نوے ملین پاؤنڈ سنجیدہ کیسز ہیں۔

نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ برطانوی جریدے دی اکانومسٹ نے پی ٹی آئی ٹرول بریگیڈ میں مقبولیت حاصل کرنے کی کوشش میں سابق وزیراعظم عمران خان کے گھوسٹ آرٹیکل کو متعدد بار دوبارہ پوسٹ کیا۔

انھوں نے کہا کہ ’بہت سے لوگوں نے مجھے بتایا ہے کہ اس روزنامہ کے مالکان میں روتھسچائلڈ فیملی بھی شامل ہے۔ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان کی بہن کی شادی اسی خاندان میں ہوئی ہے۔ مجھے نہیں معلوم کہ اس سے پی ٹی آئی کے سابق سربراہ کے مضمون کے حوالے سے ان کا کوئی تعلق ثابت ہوتا ہے یا نہیں۔‘

مرتضیٰ سولنگی کے مطابق ”دی اکانومسٹ“ نے ایک آزاد جریدے کے طور پر کام نہیں کیا کیونکہ وہ پی ٹی آئی کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مارشل لاء دور میں بھی تنصیبات پر حملے نہیں ہوئے، تقاریر اور ویڈیوز سب نے دیکھی ہیں، 9 مئی، توشہ خانہ اور 190ملین پاؤنڈ سنجیدہ کیسز ہیں، عدالت الیکشن لڑنےکی اجازت دیتی ہے تو دیدے، عدالتی نظام اپنی رفتار سے چلتا ہے کسی کی خواہش سے نہیں چلتا، ملکی قانون کے تحت ایف آئی آرز ہیں، مقدمات چل رہے ہیں۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگراں حکومت کا کام الیکشن میں تعاون کرنا ہے، شفاف انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے، وفاق اور صوبوں میں نگراں حکومتیں ہیں، نگراں حکومتیں آئینی طریقے سے قائم ہوئی ہیں، نگراں حکومتوں سے شکایت ہے تو ضرور بیان کریں، ہم کسی کی حمایت یا مخالفت نہیں کرتے۔

انھوں نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ اور شیڈول دینا الیکشن کمیشن کا اختیار ہے، 8 فروری کو الیکشن کروائیں گے، سکیورٹی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے، ہم دیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کا دورہ افغانستان غیرسرکاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت پی ڈی ایم کا تسلسل نہیں، آئین کا تسلسل ہے، ہماری کارکردگی قوم کے سامنے ہے، پیٹرول اور ڈالر کی قدر میں کمی نگراں حکومت میں ہوئی، بجلی چوری روکی، مہنگائی کو کنٹرول کیا، ہمیں انتخابات میں نہیں جانا اور نہ ہی تصاویر چھپوانی ہیں۔

pti

Pakistan Politics

Murtaza Solangi

IMRAN KHAN Adiyala Jail

Election 2024

انتخابات 2024