Aaj News

جمعرات, دسمبر 19, 2024  
16 Jumada Al-Akhirah 1446  

شمالی وزیرستان میں شہید حوالدار پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

نماز جنازہ میں سینئر حاضر سروس فوجی افسران، شہید کے لواحقین اور اہل علاقہ نے شرکت کی
شائع 09 جنوری 2024 06:39pm
تصویر بذریعہ مصنف
تصویر بذریعہ مصنف

شمالی وزیرستان میں گزشتہ روز شہید ہونے والے حوالدار محمد ظاہر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں شہید ہونے والے حوالدار محمد ظاہر کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاؤں میں ادا کردی گئی۔

نماز جنازہ میں سینئر حاضر سروس فوجی افسران، شہید کے لواحقین اور اہل علاقہ نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد مردان سے تعلق رکھنے والے شہید حوالدار محمد ظاہر کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

پاک فوج کے ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیرستان میں دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار محمد ظاہر شہید ہوگئے تھے، جب کہ ایک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔

واقعہ کے بعد پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا تھا کہ ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا اور ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران حوالدار محمد ظاہر شہید ہوگئے، 41 سالہ شہید ضلع مردان کے رہائشی ہیں، جس نے بہادری سے لڑنے کے بعد شہادت کو گلے لگا لیا۔

pakistan army

security forces operation

Pakistan Law and order situation